تریاق القلوب

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 161 of 769

تریاق القلوب — Page 161

روحانی خزائن جلد ۱۵ ۱۶۱ تریاق القلوب پلید ہے وہ طریق جو شرارت اور ظلم اپنے ساتھ رکھتا ہے۔ عیسائیوں کا موجودہ دین و مذہب جو حضرت عیسی علیہ السلام کی طرف منسوب کیا جاتا ہے اس کا کوئی بھی ایسا پہلو نہیں ہے جو حق کے طالب کو اس سے کچھ تسلی مل سکے۔ اگر تعلیم کی طرف دیکھیں تو وہ ناقص ہے اور اگر ان نشانوں کو دیکھیں جو انجیل میں بچے مسیحی کی علامت ٹھہرائے گئے ہیں تو کسی عیسائی میں اُن کا پتہ نہیں ملتا۔ اور اگر مسیح کے کام دیکھیں تو بجز قصوں کہانیوں کے رؤیت کے طور پر کسی کا ثبوت نہیں۔ اور اگر ان پیشگوئیوں کو غور سے پڑھیں جن کے رو سے مسیح کا خدا ہونا سمجھا جاتا ہے تو کوئی بھی ایسی پیشگوئی نہیں جس سے یہ مدعا ثابت ہو سکے ۔ اور خود ظاہر ہے کہ اگر توریت اور دوسرے نبیوں کی کتابوں میں کسی خدا کے پیدا ہونے کا وعدہ دیا جاتا تو یہود اس وعدہ کے موافق ضرور یہ عقیدہ رکھتے کہ کسی وقت خدا اُن کی مدد کرنے کے لئے مجسم ہو کر کسی عورت کے پیٹ میں سے پیدا ہو گا۔ اور ہر ایک سمجھ سکتا ہے کہ یہود توریت اور دوسرے عہد عتیق کے صحیفوں سے برگشتہ نہ تھے تا ایسے خدا سے منکر رہتے۔ اور اگر حضرت مسیح کی خدائی کو قبول نہیں کیا تھا تو کیا وجہ تھی کہ اصل پیشگوئی سے منکر ہو جاتے ۔ اُن کو بہر حال یہ کہنا چاہئے تھا کہ ایسا جسمانی خدا اگر چہ اب تک نہیں آیا مگر ضرور آئے گا۔ لیکن تم یہود کو پوچھ کر دیکھ لو کہ وہ ایسے اعتقاد سے سخت بیزار اور اُس کو کفر اور شرک قرار دیتے ہیں اور اس بات کے ہرگز منتظر نہیں ہیں کہ کسی وقت خدا انسانی جسم میں جنم لے گا۔ یا یہ کہ عقیدہ تثلیث برحق ہے بلکہ وہ صاف کہتے ہیں کہ ایسے عقائد رکھنے والا کافر ہے اور ہر گز نجات نہیں پائے گا۔ حالانکہ یہود وہ لوگ ہیں جن کے درمیان برابر نبی آتے رہے۔ یہ بالکل قرین قیاس نہیں کہ یہود با وجود مسلسل تعلیم انبیاء کے سرے سے ایسے خدا سے منکر ہو جاتے جس کے پیدا ہونے کی کسی پیشگوئی میں اُن کو امید دی جاتی ہاں ممکن تھا کہ اس جسمانی خدا کا مصداق حضرت مسیح کو نہ ٹھہراتے مگر یہ تو کہتے کہ وہ جسمانی خدا کوئی اور ہے جو بعد میں آئے گا۔ ہم نے اس زمانہ کے بہت سے فاضل یہودیوں سے دریافت