تذکرة الشہادتین

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page xix of 597

تذکرة الشہادتین — Page xix

نحمدہ و نصلی علٰی رسولہ الکریم تعارف (از سید عبدالحی صاحب فاضل ایم اے) روحانی خزائن کی جلدنمبر۲۰ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کی مندرجہ ذیل تصانیف پر مشتمل ہے۔۱۔تذکرۃ الشہادتین ۲۔سیرت الابدال ۳۔لیکچر لاہور ۴۔لیکچر سیالکوٹ ۵۔لیکچر لدھیانہ ۶۔الوصیت ۷۔چشمۂ مسیحی ۸۔تجلیات الٰہیہ ۹۔قادیان کے آریہ اور ہم ۱۰۔احمدی اور غیراحمدی میں کیا فرق ہے۔ذیل میں ان کتب کا مختصر تعارف بھی پیش کیا جاتا ہے۔۱۔تذکرۃ الشہادتین حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی یہ کتاب ۱۹۰۳ء کی تصنیف ہے۔اِس کے دو حصے ہیں۔حصّہ اردو حضرت صاحبزادہ عبداللطیف صاحبؓ رئیس اعظم خوست افغانستان اور ان کے شاگرد رشید حضرت میاں عبدالرحمن صاحبؓ کی شہادت کے واقعات پر مشتمل ہے۔حصّہ عربی تین رسائل پر مشتمل ہے۔پہلا رسالہ ’’الوقت وقت الدعاء لا وقت الملاحم و قتل الاعداء‘‘ دوسرا رسالہ ’’ذکر حقیقۃ الوحی و ذرائع حصولہ ‘‘ اور تیسرا رسالہ ’’علامات المقربین‘‘ کے نام سے شامل ہے۔تذکرۃ الشہادتین کا بنیادی موضوع جماعت کے پہلے د۲و شہداء حضرت میاں عبدالرحمن و حضرت صاحبزادہ عبداللطیف رضی اﷲ تعالیٰ عنہما کے واقعات قبولِ احمدیت و حالات واقعۂ شہادت ہے۔شہادت کے یہ دونوں واقعات حضور علیہ السلام کے الہامات مندرجہ براہین احمدیہ شاتان تذبحان کل من علیھا فان کے مطابق ظہور میں آئے۔اس لحاظ سے یہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی صداقت کا بہت بڑا نشان ہیں۔حضور علیہ السلام نے اس ضمن میں ان تمام دلائل کی تفصیل بھی بیان فرمائی ہے جو حضرت صاحبزادہ صاحب رضی اﷲ عنہ کی قبول احمدیت کا باعث بنے۔خاص طور پر حضرت عیسیٰ ؑ بن مریم کی سولہ خصوصیات میں اپنی مشابہت کا تفصیلاً ذکر فرمایا ہے۔