گورنمنٹ انگریزی اور جہاد

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page xli of 615

گورنمنٹ انگریزی اور جہاد — Page xli

27 اربعین لاتمام الحجّۃ علی المخالفین ۲۳؍ جولائی ۱۹۰۰ء کو آپؑ نے مخالفین پر اتمام حجت کے لئے چالیس اشتہار شائع کرنے کا ارادہ کیا۔اور چار صفحات کا ایک اشتہار بھی لکھا جو اربعین نمبر ۱ کے نام سے شائع کیا۔اور فرمایا کہ پندرہ پندرہ دن کے بعد بشرطیکہ کوئی روک پیش نہ آ جائے یہ اشتہار نکلا کرے گا جب تک چالیس اشتہار پورے نہ ہو جائیں۔(دیکھو صفحہ و حاشیہ ۳۴۳ جلد ہذا) لیکن اربعین نمبر ۲ و نمبر ۳و نمبر ۴ چونکہ ضخیم رسالوں کی صورت میں نکالنے پڑ گئے اس لئے حضرت اقدس علیہ السلام نے اربعین نمبر ۴ میں زیر اطلاع تحریر فرمایا:۔’’مَیں نے اپنا ارادہ یہ ظاہر کیا تھا کہ اس رسالہ اربعین کے چالیس اشتہار جُدا جُدا شائع کروں اور میرا خیال تھا کہ مَیں صرف ایک ایک صفحہ کا اشتہار یا کبھی ڈیڑھ صفحہ یا غایت کار دو صفحہ کا اشتہار شائع کروں گا اور یا کبھی شاید تین یا چار صفحہ لکھنے کا اتفاق ہو جائے گا۔لیکن ایسے اتفاقات پیش آ گئے کہ اس کے برخلاف ظہور میں آیا۔اور نمبر دو۲ اور تین۳ اور چار ۴رسالوں کی طرح ہو گئے۔چنانچہ اس رسالہ کی قریباً ستّر صفحہ تک نوبت پہنچ گئی۔اور درحقیقت وہ امر پورا ہو چکا جس کا مَیں نے ارادہ کیا تھا۔اس لئے مَیں نے ان رسائل کو صرف چار نمبر تک ختم کر دیا اور آئندہ شائع نہیں ہو گا۔‘‘ (اربعین نمبر ۴ ، روحانی خزائن جلد ۱۷، صفحہ ۴۴۲) اور اربعین نمبر ۴ دسمبر ۱۹۰۰ء میں لکھی گئی اور شائع ہوئی اس لئے زمانۂ تالیف و اشاعت کے لحاظ سے گو تحفہ گولڑویہ بھی اسی عرصہ میں لکھا گیا۔اربعین کو اس پر سبقت حاصل ہے اس لئے اربعین کو تحفہ گولڑویہ سے پہلے رکھا جانا مناسب ہے۔خاکسار جلال الدین شمس