چشمہٴ معرفت — Page 429
روحانی خزائن جلد ۲۳ ۴۲۹ خلاصه مضمون ☆ چشمه معرفت جیسا کہ ہم مفصل طور پر اس مضمون میں لکھ چکے ہیں یہ بات یقینی اور قطعی ہے کہ پوری پوری ہدایت اور کامل یقین حاصل کرنے کے لئے الہامی کتاب کی ضرورت ہے کیونکہ جس معرفت تامہ کے ذریعہ سے مرتبہ عالیہ تک اپنی نجات کے لئے ہر ایک انسان کو پہنچنا ضروری ہے وہ معرفت تامہ محض عقل کے ذریعہ سے ہرگز حاصل نہیں ہو سکتی۔ اور ہم اس مضمون میں مفصل بیان کر چکے ہیں کہ نجات محبت تامہ پر موقوف ہے کیونکہ محبت ہی ایک ایسی چیز ہے کہ جو تمام مجازی تعلقات کو کالعدم کر کے سب کے قائم مقام خدا کو کر دیتی ہے۔ انسان کسی کے لئے اپنی جان نہیں دیتا کسی کے لئے دُکھ نہیں اٹھا تاکسی کے لئے تلخ زندگی اختیار نہیں کرتا مگر جس سے محبت ہے اس کے لئے مرنا بھی اپنے لئے ایک زندگی دیکھتا ہے پس جبکہ خدا تعالیٰ سے انسان کا تعلق اس قدر بڑھ جاتا ہے کہ کمال محبت کی وجہ سے اُس کی راہ میں موت کو بھی اپنی راحت سمجھتا ہے اور اُس کی طرف دل ایسا کھینچا جاتا ہے کہ ان اغراض سے اُس کو یاد نہیں کرتا کہ وہ بہشت میں اُس کو داخل کرے گا یا دوزخ سے اُس کو نجات دے گا بلکہ ایک نا معلوم کشش اُس کے اندر پیدا ہو جاتی ہے اور وہ خود سمجھ نہیں سکتا کہ وہ کشش کیوں ہے؟ اور کیا چیز ہے؟ اور اس محبت کے لئے محبوب کی معرفت اس قدرضروری ہے کہ اس کے وہ محاسن اور وہ خوبیاں جو موجب ﴿۱۲﴾ عشق اور محبت ہوتے ہیں معلوم ہو جائیں جیسا کہ ایک عاشق جو ایک معشوق کی محبت میں گرفتار ہے وہ جوش محبت پیدا ہونے کے لئے صرف اس بات کا محتاج ہے کہ معشوق کی خوبصورتی پر اُس کو اطلاع ہو جائے اور اُس کے دلکش نقش و نگار پر اُس کی نظر پڑ جائے