آئینہ کمالاتِ اسلام

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 663 of 776

آئینہ کمالاتِ اسلام — Page 663

ترجمہ فارسی کلام ٹائٹل پیج کا دوسرا صفحہ۔اے جوانو ! کوشش کرو کہ دین میں قوت پیدا ہو اور ملّت اسلام کے باغ میں بہار اور رونق آئے۔اے دوستو ! اگر اب تم اسلام کی غربت پر رحم کرو تو خدا کے ہاں تمہیں آنحضرتؐ کے صحابہ سے مناسبت پیدا ہو جائے۔نا اہل لوگوں کا آپس کا اختلاف اور نفاق دور ہو جائے اور کمال درجہ کا اتفاق دوستی اور محبت پیدا ہو جائے۔کوشش کے لئے حرکت میں آؤ۔کہ خدا کی درگاہ سے مددگارانِ اسلام کے لئے ضرور نصرت ظاہر ہو گی۔اگر آج دین کی عزت کا خیال تمہارے دل میں جوش مارے تو خدا کی قسم خود تمہارے لئے بھی عزت و مرتبت پیدا ہو جائے۔اگر اسلام کی تائید میں تم اپنا سخاوت کا ہاتھ کھول دو تو فوراً تمہارے اپنے لئے بھی خدائی قدرت کا ہاتھ نمودار ہو جائے۔اُس کی راہ میں مال خرچ کرنے سے کوئی مفلس نہیں ہو جایا کرتا اگر ہمت پیدا ہو جائے تو خدا خود ہی مددگار بن جاتا ہے۔اے دوستو ! اپنی عمر کے دو دن دین کے کام میں گزارو کہ آخر کار مرنے کی گھڑی سینکڑوں حسرتیں لے کر آجائے گی۔تو دین کی امید پوری کرتا کہ تیری امیدیں پوری ہوں سینکڑوں نا امیدیوں، یاس اور غم کے بعد رحمت پیدا ہو جائے گی۔آنحضرتؐ کے انصار کی طرف دیکھ کہ کس طرح انہوں نے کام کیا تا کہ تجھے پتہ لگے کہ دین کی مدد کرنے سے دولت کا منبع پیدا ہو جاتا ہے۔دل وجان سے کوشش کرتا کہ تیرے ہاتھوں سے کوئی خدمت اسلام ہو جائے اگر یہ شربت پیدا ہو جائے تو تو بقائے دوام حاصل کر لے گا