راکھا — Page 39
مخصوص فطری تقاضے بعض لوگ فطرتا رقیق القلب ہوتے ہیں جبکہ بعض سخت دل۔بعض حلیم اور نرم مزاج ہوتے ہیں جبکہ کئی دوسرے جو شیلی طبیعت رکھتے ہیں۔اسی طرح کئی باتونی ہوتے ہیں اور دوسرے خاموش طبع۔جسمانی لحاظ سے کئی دبلے پتلے اور کئی موٹے تازے ہوتے ہیں۔بعض تیز بھاگ سکتے ہیں جبکہ دوسرے گولا اچھا پھینک سکتے ہیں۔علیٰ ہذالقیاس۔صلاحتیوں اور عادات و خصائل میں یہ اختلاف ہرگز کوئی خامی یا نقص نہیں بقول شاعر : گلہائے رنگا رنگ سے ہے زینت چمن اے ذوق اس چمن کو ہے زیب اختلاف سے دراصل دُنیا میں ہزاروں قسم کے کام ہیں اور ہر ایک کیلئے الگ الگ قابلیت اور صلاحیت کی ضرورت ہوتی ہے۔لہذا صلاحتیوں میں یہ اختلاف تقسیم کار کے اصول کی روشنی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ضروریات کے عین مطابق ہیں۔اس زاویہ نگاہ سے اگر ہم غور کریں تو عورتوں میں بھی بعض ظاہری جسمانی فرقوں کے علاوہ کئی مخصوص فطری اور جبتی خصائل پائے جاتے ہیں۔یہ ہرگز اُن کے نقائص نہیں بلکہ خالق حقیقی نے اپنی خاص حکمت بالغہ کے تحت انہیں بنایا ہی اس طرح ہے۔قبل اس کے کہ مردوں کے فرائض پر بحث کی جائے ذیل میں عورتوں کے چند فطری تقاضوں کی نشاندہی کی جارہی ہے جو گھر کے نگران کے ہمیشہ پیش نظر رہنے چاہئیں تا کہ عورت سے معاملہ کرتے وقت اُس کی نفسیات کے مطابق سلوک کیا جا سکے۔39 89