تفسیر کبیر (جلد ۷)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 111 of 658

تفسیر کبیر (جلد ۷) — Page 111

اتر آیا ہے تو عیسائیت ختم ہے۔چنانچہ اس بات کا اقرار خود مسیحی لوگ بھی کر رہے ہیں۔Mr۔Criltondon جو کہ انٹر یونیورسٹی فیلو شپ آف لنڈن کے سکرٹری جنرل ہیں انہوں نے ۱۱؍مارچ ۵۶؁ء کو لنڈن مسجد میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ اگر مسیح کی وفات کے متعلق جماعت احمدیہ کا نظریہ درست ہے تو پھر عیسائیت باقی نہیں رہ سکتی۔اگر فی الواقع مسیح صلیب پر فوت نہیں ہوئے تو پھر عیسائیت کی ساری بنیادہی ختم ہو کر رہ جاتی ہے اور ایسی صورت میں عیسائیت کی تمام عمارت کا زمین پر آ رہنا یقینی ہے۔‘‘ (الفضل۲۷؍نومبر ۱۹۵۶ء صفحہ ۴ کالم ۱) پس اگر مسیح طبعی موت مر چکا ہے تو مسلمانوں کا الحاد ختم ہے۔اس طرح وہ تمام تانا بانا جو انہوں نے بنایا ہوا ہے سب کا سب ٹوٹ جاتا ہے اور وہ غلط عقائد جن میں وہ ایک عرصہ سے مبتلا ہو چکے ہیں سب کے سب باطل ثابت ہو جاتے ہیں۔کیونکہ اگر مسیح طبعی موت مر گیا ہے توآنے والا مسیح امت محمدیہ میں سے ہو گا۔اور جب آنے والا امت محمدیہ میں سے ہوگا تو اسلام اور مسلمانوں کے لئے ایک بہت بڑا مطمح نظر قائم ہو جاتا ہے وہ قومیں جن کی امید یں مر جاتی ہیںفنا ہو جاتی ہیں۔مگر وہ قومیں جن کی امیدیں نہیں مرتیں وہ کبھی فنا نہیں ہوتیں۔جب بھی وہ گرنے لگتی ہیں ان کی امیدیں ان کو پھر کھڑا کر دیتی ہیں۔پھر ان کے اندر بیداری اور ہوشیاری پیدا کر دیتی ہیں۔اور وہ سمجھتی ہیں کہ ہمارے لئے مایوسی کی کوئی وجہ نہیں ہمارے لئے بڑے بڑے درجے حاصل کرنے کے مواقع موجود ہیں۔لیکن جب کسی قوم کی امید کا پہلو مار دیا جائے تو وہ قوم بھی ہمیشہ کے لئے ختم ہو جاتی ہے۔پس حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے دو عظیم الشان کارنامے سر انجام دئیے ہیں۔ایک طرف آپ نے مسیح کو صلیب سے اترنے کے بعد زندہ کر کے عیسائیت کو مار دیا اور دوسری طرف آپ نے مسیح کو قرآن کریم کی آیات کے مطابق وفات یافتہ ثابت کر کے اسلام کو الحاد سے بچا لیا۔یہ کیسا شاعرانہ مضمون ہے کہ آپ نے مسیح کو زندہ کر دیا اور عیسائیت کو مار دیا اور مسیح کو مار دیا اور اسلام کو زندہ کر دیا۔چونکہ عیسائیت کی بنیاد اس بات پر ہے کہ مسیح ؑ صلیب پر لٹک کر مرگیا اس لئے جب یہ ثابت ہو جائے کہ مسیح ؑصلیب پر مرا ہی نہیں بلکہ زندہ رہا اور زندہ اترا تو ساتھ ہی کفارہ بھی ختم ہو جاتا ہے۔بہرحال یہ ایک سوال ہے جو ہمارے سامنے آتا ہے کہ کیا مسیح صلیب پر لٹک کر فوت ہو ا اور کیا اس نے وہ قربانی پیش کی جو کفارہ کا موجب ہو سکتی تھی؟ انجیل کو دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کا جواب نفی میں ہے مسیح نہ صلیب پر لٹک کر مرا اور نہ اس نے وہ قربانی پیش کی جسے کفارہ کہا جاتا ہے۔اگر ہم انجیل پر غور کریں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ مسیح کا اصل معجزہ جس پر