تفسیر کبیر (جلد ۶) — Page 127
الہا م کے نام سے موسوم کرتے ہیں۔جانوروں کی تحقیقات میں سے شہد کی مکھی اورچیونٹی کی تحقیقات بہت وسیع ہوئی ہے۔اس تحقیقات نے یہ ثابت کیا ہے کہ چیونٹیوں میں بہت بڑابھاری نظام ہوتاہے۔یہ ہاتھوںسے بات کرتی ہے۔انسان کی طرح اپنی لاش کی حفاظت کرتی ہے غلے کاڈھیر رکھتی ہے۔سردی اورگرمی کے مکانات علیحدہ علیحدہ رکھتی ہے۔چوبارے بناتی ہے۔ایک قسم کاکیڑاہے جس میں سے ایک مادہ نکلتاہے جو چیونٹی کے لئے دودھ کاکام دیتا ہے ان کیڑوں کو یہ جمع کرکے اپنے گھروں میں رکھتی ہیں۔اوران کی غذاکاخیال رکھتی ہیں اورجب غلہ میں کمی ہوتوتجربہ سے معلوم ہواہے کہ وہ ان کیڑوں کو پہلے غذادیتی ہیں۔پھر بچ رہے توخود کھاتی ہیں۔ان میںلڑائیاں بھی ہوتی ہیں۔صلح بھی ہوتی ہے۔غرض ایک وسیع نظام ان میں پایا جاتا ہے(The Book of Knowledge under word Ant)۔یہ سب ایک قسم کی وحی خفی کے نتیجہ میں ہے۔شہد کی مکھیوں کا نظام اور اس کے ذکر کی وجہ اسی طرح نحل کا بھی بڑاعظیم الشان نظام ہے۔بعض ماہروں کاخیال ہے کہ انسانوں کے نظام سے ان کانظام بہتر ہوتاہے۔ان کا احساس بعض باتوں میں انسان سے زیادہ ہوتا ہے۔ان کے ہرچھتہ میں ایک ملکہ ہوتی ہے۔سب مکھیا ں اس کی پیروی کرتی ہیں۔ان کی نسلیں علیحدہ علیحدہ ہوتی ہیں انسانوں کی طرح سب مل کرنہیں رہتیں۔جب نئی ملکہ پیداہوتی ہے توپرانی مکھیا ںا س کومارناچاہتی ہیں توساری نئی جوان مکھیاں اس کاپہرہ دیتی ہیں اورمل کر اس کی حفاظت کرتی ہیں وہ ملکہ بڑی ہوکر اپنے ساتھیو ں سمیت علیحدہ چھتہ بناتی ہے۔پھر ملکہ لڑائی کرکے یاتوپہلی بڑی مکھیوں کو پہلے چھتہ سے نکال دیتی ہے یا شکست کھا کر دوسری جگہ پر چلی جاتی ہے۔ان کے نظام کی اوربھی تفصیلات ہیں جو حیرت انگیز ہیں(The Book of Knowledge under word Ant)۔خدا تعالیٰ نے نحل کے ذکر کو اس لئے چنا ہے کہ یہ معلوم ہوکہ ایک بالاہستی ہے جس نے اسے یہ علم دیا ہے اوراس کو ایسانظام دیاہے جوخود اس کا سوچاہوانہیں ہے۔نیز اس مثال کو اس لئے چنا ہے کہ شہد کی مکھی کانظام معمولی غور سے نظر آجاتاہے۔اوراس لئے بھی کہ ا س سے ایک ایسی غذاپیداہوتی ہے جسے انسان نے بہترین سمجھا ہے۔اس نظام کااس میں پایاجانا یہ بتاتا ہے کہ اس میں عقل ہے۔مگراس کاایک ہی حالت میں رہنا اورترقی نہ کرسکنا یہ بتاتا ہے کہ وہ نظام اس کو کسی اورہستی نے دیا ہے اورباہر سے آیا ہے اس نے خود وہ نظام تیار نہیں کیا۔آیت اَنِ اتَّخِذِيْ مِنَ الْجِبَالِ بُيُوْتًاسے انسانوں کے مختلف درجہ میں مورد وحی ہونے کی طرف اشارہ اس آیت میں اس طر ف بھی توجہ دلائی گئی ہے کہ نحل یعنی شہد کی مکھیا ں بھی مختلف قسم کی ہیں بعض