تفسیر کبیر (جلد ۱)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 394 of 657

تفسیر کبیر (جلد ۱) — Page 394

کی کتب میں بکثرت ملتی ہیں۔کہ کسی واقعہ کی حقیقت کو ظاہر کرنے کےلئے قَالَ کا لفظ استعمال کر لیاجاتا ہے چنانچہ مندرجہ ذیل اشعار بھی اس امر کی مثالیں ہیں۔؎ قَالَتْ لَہُ الْعَیْنَانِ سَمْعًا وَطَاعَۃً وَ حَدَرَتَا کَالدُّرِّ لَمَّا یُثَـقَّبُ (لسان) یعنی اسے دونوں آنکھوں نے کہا کہ تمہارا کہنا سر آنکھوں پر اور پھر وہ ایسے موتیوں کی طرح بہہ پڑیں جن میں ابھی چھید نہ ڈالا گیا ہو۔؎ قَالَتْ لَہُ الطَّیْرُ تَقَدَّمْ رَاشِدًا اِنَّکَ لَا تَرْجِعُ اِلَّا حَامِدًا (لسان) یعنی پرندے نے اسے کہا کہ سیدھا راستہ اختیار کر کے آگے بڑھ اور تو واپس نہیں لوٹے گا مگر تعریف کرتا ہوا۔ان اشعار میں قَوْل کے لفظ کی اضافت ایسی اشیاء کی طرف کی گئی ہے جو غیر ناطق ہیں یعنی پہلے شعر میں قول کا لفظ آنکھوں کی طرف منسوب کیا گیاہے اور مطلب یہ ہے کہ آنکھوں نے بزبانِ حال کہا اور دوسرے میں پرندے کی طرف۔اور مطلب یہ ہے کہ پرندہ بزبانِ حال کہہ رہا تھا۔تو گویا ان ہر دو اشعار میں قَالَ کے لفظ کو ایک واقعہ پر دلالت کرنے کےلئے استعمال کیا گیا ہے)۔اَلْخَامِسُ یُقَالَ لِلْعِنَایَۃِ الصَّادِقَۃِ بِالشَّیْ ءِ (۵) اگر کسی چیز کی طرف خاص توجہ ہو تو اس مفہوم کو ادا کرنے کے لئے بھی قَالَ کا لفظ استعمال کرتے ہیں۔اَلسَّادِسُ فِی الْاِلْھَامِ (۶) قَوْلٌکا لفظ الہام کے معنوں میں بھی استعمال ہوتا ہے جیسے اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتا ہےقُلْنَا يٰذَا الْقَرْنَيْنِ کہ ہم نے ذوالقرنین کو الہام کرتے ہوئے کہا کہ اے ذوالقرنین! (مفردات) پس قَالَ کے معنے صرف یہ نہیں کہ انسان کسی کو مخاطب کرتے ہوئے منہ سے کوئی بات کہے بلکہ لفظ قَوْل مختلف معنوں میں استعمال ہوتا ہے اورہر مقام پر اس کے مناسب حال معنی ہوں گے۔رَبُّکَ۔رَبّ کے معنے کے لئے دیکھو حَلِّ لُغات سورۃ الفاتحۃ آیت۲۔اَلْمَلٰٓئِکَۃُ۔مَلَا ئِکَةٌ۔مَلَکٌکی جمع ہے جو بعض کے نزدیک أَ لَکَ سے بنا ہے جس کے معنے ہیں۔خبر پہنچا دی پس مَلَائِکَہ کے معنے ہوئے خبر پہنچانے والے۔بعض کے نزدیک یہ لفظ اَ لَاکَہٗ سے بنا ہے اس کے معنے بھی خبر پہنچانے کے ہوتے ہیں مَلْأَکٌ کے معنے پیغام کے ہیں۔بعض کے نزدیک یہ لفظ مِلْکٌ سے بنا ہے جس کے معنے قبضہ اور اقتدار کے ہوتے ہیں۔چنانچہ مفردات میں لکھا ہے کہ مِلْکٌ سے دو لفظ بنے ہیں مَلَکٌ بھی اور مَلِکٌ بھی۔