تفسیر کبیر (جلد ۱۵) — Page 90
اپنے حقوق کو کس طرح حاصل کر سکتے ہیں مثلا ً امریکہ میں ایک پہاڑی ہے جس میں ہمارا حصہ ہے لیکن ہم ہندوستا ن میں رہتے ہیں ہم اپنا حصہ نہیں لے سکتے امریکہ والوں نے اس پر قبضہ کیا ہوا ہے۔اس صورت میں ہم کیا کریں۔اسلام اس مشکل کو حل کرنے کے لئے (۴) چوتھااصل یہ پیش کرتا ہے کہ چونکہ قبضہ اور عمل بھی ایک حق رکھتا ہے اس لئے قابض اور عامل کو کچھ زائد حق ملے گا۔مثلاً امریکہ والوں نے اگر اس پہاڑی پر قبضہ کر لیا ہے تو وہ کچھ شرائط کے ساتھ اس قبضہ کو قائم رکھ سکتے ہیں اور وہ شرائط یہ ہیں۔اوّل۔جو قبضہ کرنے والے ہیں وہ تسلیم کریں کہ اس میں دوسروں کا بھی حق ہے۔دوم۔جب ان کے پاس اپنے اَقلّ حق سے زیادہ ہو تو وہ باقی حقداروں کے لئے ایک کیپیٹل لیوی ادا کریں۔جس کی صورت یہ ہے کہ وہ اپنی آمد میں سے چالیسواں حصہ دوسروں کے لئے نکال دیا کریں اور یہ بھی ایک دفعہ نہیں بلکہ ہمیشہ کے لئے یہ حکم ہے اور ظاہر ہے کہ ہمیشہ دینے کا تو سوال نہیں صرف چالیس سال کے قبضہ میں ہر سال چالیسواں حصہ دے کر وہ چیز اصل حقداروں کی طرف لوٹ آئے گی۔اور بعد کی آمد زائد آمد ہو گی۔یہی وہ چیز ہے جسے زکوٰۃ کہا جاتا ہے۔(۵)پانچواں اصل اسلام نے یہ مقرر کیا ہے کہ کوئی شخص مال کو روپیہ کی صورت میںجمع نہ کرے بلکہ اسے چکرمیں رکھےتاکہ دوسرے لوگ اس سے فائدہ اٹھاتے رہیں۔(۶) چھٹا اصل اسلام نے یہ مقرر کیا کہ باوجود زکوٰۃ کی ادائیگی کے امراء غرباء کی خبر گیری کے ذمہ وار ہیں۔اسلام کہتا ہے کہ اگر کوئی غریب باقی رہ جائے گا تو اس کی ذمہ واری تم پر ہو گی اور اس کے متعلق خدا تعالیٰ تم سے قیامت کے دن سوال کرے گا۔احادیث میں آتا ہے کہ قیامت کے دن خدا تعالیٰ اپنے بعض بندوں سے کہے گا کہ میں تم پر بہت خوش ہوں۔اس لئے کہ میں بھوکا تھا تم نے مجھے کھانا کھلایا، میں پیاسا تھا تم نے مجھے پانی پلایا، میں ننگا تھا تم نے مجھے کپڑا پہنایا، میں بیمار تھا تم نے میری تیمارداری کی۔بندے استغفار کریں گے اور کہیں گے یا اللہ بھلا تو کہاں اور ہم کہاں۔یہ کس طرح ہو سکتا ہے کہ تو بھوکا، پیاسا، ننگا اور بیمار ہو۔اللہ تعالیٰ فرمائے گا اے میرے بندو! جب تمہارے پاس میرا ایک غریب بندہ آیا اور تم نے اسےکھانا کھلایا تو گویا میں ہی بھوکا تھا جسے تم نے کھانا کھلایا اور جب تمہارے پاس میرا ایک غریب بندہ آیا اور وہ ننگا تھا اور تم نے اسے کپڑے پہنائے تو گویا میں ہی ننگا تھا جسے تم نے کپڑے پہنائےاور جب میرا کوئی بندہ تمہارے پاس آیا اور وہ پیاسا تھا اور تم نے اسے پانی پلایا تو گویا میں ہی