تفسیر کبیر (جلد ۱۴)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 570 of 651

تفسیر کبیر (جلد ۱۴) — Page 570

جو شخص دین کی تکذیب کرتا ہے تو دیکھے گا کہ وہ مسکینوں کو دھتکارتا ہے بلکہ فرمایا وہ مسکینوں کو کھانا کھلانے کی دوسروں کو تلقین نہیں کرتا ہے اس میں اس طرف اشارہ ہے کہ وہ مسکینوں کو کھانا کھلا تو دیتا ہے مگر خلوص نیت سے نہیں۔کیونکہ اگر وہ سچے دل سے کھانا کھلاتا تو دوسروں کو بھی ا س کی ترغیب دلاتا کیونکہ جو اچھی چیز ہو اس کی دوسروں کو بھی تلقین کی جاتی ہے۔مگر وہ آپ تو کھانا کھلا دیتا ہے لیکن دوسروں کو اس کی ترغیب نہیں دیتا جس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ شخص شرم اور لحاظ کے مارے ایسا کرتا ہے سچے دل سے ایسا نہیں کرتا اور اس کے دل میں اس کام کے کرنے کی تڑپ نہیں ہے گویا سوال کرنے پر مسکین کو کھانا کھلا دیتا ہے خود غرباء کی خدمت کا شوق نہیں رکھتا۔تحریک کا لازمی نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ غرباء کو بغیرمانگے روٹی مل جاتی ہے۔جب لوگ ایک دوسرے کو غربا ء کی امداد کی تلقین کرتے رہیں تو غرباء کومانگنے کی ضرورت ہی پیش نہیں آتی۔یتیم کے لئے يَدُعُّ اور مسکین کے لئے يَحُضُّ کے الفاظ استعمال کرنے میں حکمت یہاں یہ سوال پیدا ہو تا ہے کہ یتیم کے لئے تو اللہ تعالیٰ نے دھتکارنے کے الفاظ بو لے لیکن مسکین کے لئے ترغیب دلانے کے لفظ استعمال کئےاس میں کیا حکمت ہے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ یتیم تو بچہ ہو تا ہے اگر کوئی اسے دھتکار دے تو وہ کوئی احتجاج نہیںکر سکتا، کوئی شور نہیں کرتا، لوگوںمیں پروپیگنڈا نہیں کرتا مگر بڑی عمر کے آدمی کو دھتکارنے سے لوگ ڈرتے ہیں۔مسکین کو اگر کوئی دھتکار دے تو وہ شور مچا دیتا ہے اور اس کے خلاف لوگوں میں احتجاج کرتا ہے مگر یتیم کو کوئی دھتکار دے تو وہ زیادہ سے زیادہ رو کر دوسری جگہ جا کر بیٹھ جاتا ہے۔پس چونکہ مساکین کو لوگ یتیم سے کم دھتکارتے ہیں اس لئے ان کےمناسب حال لفظ استعمال کیا گیا۔ایک اور سوال اس آیت کے متعلق یہ پیدا ہو تا ہے کہ اصولی نیکیوں کے مقابلہ میں ان جزوی باتوں کی مثال کیوں دی؟ اس کا جواب یہ ہے کہ اس جگہ قومی نظام پر زور دینا مقصود تھا۔یتامیٰ اور غرباءکی طرف سے لا پرواہی برتنا قومی جذبہ کی کمزوری پر دلالت کرتا ہے اگر قومی خدمت کا جذبہ نہ ہو تو پھر قومی جتھہ کمزور ہو جاتا ہے اور اگر یتامیٰ کی خبر گیری نہ کی جائے تو لوگ قربانی کرنے سے رکتے ہیں اور پھر غربا ء کی مدد اس لئے بھی کی جاتی ہے تا وقت پر ان کی مدد مل جائے اگر ان کی مدد نہ کی جائے تو وہ بھی وقت پر ساتھ نہیں دیتے۔جس قوم میں غرباء کے ساتھ سلوک اچھا ہو تا ہے اس کے غربا ءبھی جوش میں آ کر قربانی کرنے لگ جاتے ہیں۔امریکہ، برطانیہ اور فرانس میں مزدوروں کو مزدوری بہت کافی ملتی ہے اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا بھی ملک میں حصہ ہے اور وہ اس کے لئے ہر ممکن قربانی کرنے سے دریغ نہیں کرتے۔پس اگر غرباء کا خیال نہ رکھا جائے تو قومی جتھہ کمزور ہو جاتا ہے۔اور اگریتامیٰ کی خبر گیری نہ کی