تفسیر کبیر (جلد ۱۴)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 500 of 651

تفسیر کبیر (جلد ۱۴) — Page 500

اس بادشاہ میں کوئی طاقت نہیں ہوتی وہ ویسا ہی ہو تا ہے جیسے کسی گڑیا کو بادشاہ سمجھ لیا جائے۔اس کے مقابلہ میں ایسے بادشاہ بھی ہوتے ہیں جو حکم دے دیتے ہیں کہ فلاں کو مار دو، فلاں کو جلا دو، فلاں کو پھانسی دے دو اور جب ان سے پوچھا جائے کہ اس کی وجہ کیا ہے تو وہ کہتے ہیں ہماری مرضی۔حقیقت یہ ہے کہ عربی زبان کو جب ہم الہامی مانتے ہیں تو ہمیں ساتھ ہی یہ بھی تسلیم کرنا پڑتا ہے کہ اس زبان کے پیچھے جو محرکات کام کر رہے ہیں وہ بھی مذہبی اور الہامی ہیں۔اس نقطہ نگاہ کو مدّ ِنظر رکھتے ہوئے حکومت کا وہ مفہوم جو اسلام کے نزدیک ہے وہ ان تینوں الفاظ کوملانے سے پیدا ہو تا ہے۔لغت والوںکا قاعدہ ہے کہ جب وہ کسی لفظ کے معنے بیان کرتے وقت درمیان میں واؤ کا لفظ استعمال کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہو تا ہے کہ ان میں سے ہر معنے اپنی ذات میں نامکمل ہیں ہاں اگر سب معنوں کو ملا لیا جائے تب ا س کے صحیح معنے پیدا ہوں گے۔اگر لغت والوں نے یہ کہنا ہو تا کہ دین کے معنے یا سلطان کے ہیں یا ملک کے ہیں یا حکم کے ہیں تو وہ کہتے اَلسُّلْطَانُ اَوِالْمُلْکُ اَوِالْـحُکْمُ مگر انہوں نے کہا ہے اَلسُّلْطَانُ وَ الْمُلْکُ وَ الْـحُکْمُ پس لغت کے قاعدہ کے مطابق یہ تینوں مل کر دین کے معنے دیتے ہیں۔سُلْطَان نے تو اس بات کی وضاحت کر دی کہ ہم اس حکومت کی طرف اشارہ نہیں کر رہے جو رسمی ہو تی ہے اور جو محض دکھلاوے کے طور پرکام کر رہی ہو تی ہے اور حکم نے اس بات کو واضح کر دیا کہ اس کے احکام بلا وجہ نہیں ہوتے بلکہ اس کے ہر حکم کے پیچھے کوئی معقول وجہ ہو تی ہے کوئی اعلیٰ درجہ کی حکمت کام کر رہی ہو تی ہے۔اور کوئی ضروری محرک اس کے پیچھے پو شیدہ ہو تا ہے اور مُلْک نے اس بات کی طرف اشارہ کر دیا کہ اس کا غلبہ وسیع ہے۔گویا سُلْطَان نے اس کی گہرائی کی طرف اشارہ کیا ہے اور مُلْک نے اس کی وسعت کی طرف اشارہ کیا ہے اور حُکْم نے اس کی معقولیت کی طرف اشارہ کیا ہے۔گویا حکومت ہو اور بڑی گہری حکومت ہو، حکومت ہو اور بڑی وسیع حکومت ہو، حکومت ہو اور بڑی معقول حکومت ہو۔جس کا کوئی حکم بلا وجہ نہ ہو، جس کا کوئی حکم بلاغرض نہ ہو، جس کا کوئی حکم جبری نہ ہواور اس میں ان لوگوں کا فائدہ مدّ ِنظر ہو جن کو وہ حکم دیا گیا ہو۔دیکھو یہ حکومت کی کتنی زبر دست تعریف ہے اور کیسی اعلیٰ درجہ کی حکومت کا اس میں نقشہ کھینچا گیا ہے یہ ہو سکتا ہے کہ کوئی کہے کہ ایسی حکومت دنیا میں کہیں نظر نہیں آتی۔لیکن فرض کرو ایسی حکومت قائم ہو جائے تو تم بتاؤ کہ کیا اس سے بہتر حکومت دنیا میںکوئی اور ہو سکتی ہے ؟ حکومت بڑی گہری ہو، حکومت بڑی وسیع ہو، اس کے احکام میں وسعت بھی ہو اور گہرائی بھی ہو، ہر ضروری حکم نافذ کر رہی ہواور ساتھ ہی کوئی حکم بلا وجہ نہ ہو، غیر معقول نہ ہو، جبری نہ ہو، ہر حکم میں لوگوں کا فائدہ اور نفع مدّ ِنظر ہو۔