تفسیر کبیر (جلد ۱۴) — Page 143
اسے پیٹنے لگ جاتے۔پس فرماتا ہے یہ بھی کوئی انسان ہیں۔متکبر یہ ہیں،بخیل یہ ہیں،کمینہ یہ ہیں،بزدل یہ ہیں، کمزور ملے تو اس پر ظلم کرتے ہیں، غریب ملے تو اسے کھانا نہیں کھلاتے۔روپیہ پاس ہو تو کسی پر خرچ نہیں کرتے۔جب ان کی حالت یہ ہے تو خدا تعالیٰ کس طرح برداشت کر سکتا ہے کہ یہ لوگ ملک پر حاکم رہیںیہ تو سزا کے قابل ہیںچنانچہ آج یہ جن غلاموں کو مارتے اور بڑے فخر سے اس کا اظہار کرتے ہیںہم انہی غلاموںکو ایک دن گھوڑوں پر چڑھا کر لائیں گے اور پھر ان کو بتائیں گے کہ بہادر کیسے ہوتے ہیں۔یہ تو اپنی تمام بہادری صرف اس بات میں سمجھتے ہیں کہ غلام ملے تو ان کو مار پیٹ لیا یا کسی عورت کی شرمگاہ میں نیزہ مارااور اس کو ہلاک کردیا یاکوئی بےکس مسلمان قابو آگیاتو اس کی ایک ٹانگ ایک اونٹ سے اور دوسری ٹانگ دوسرے اونٹ سے باندھ دی اور پھر ان اونٹوں کو مخالف اطراف میں دوڑا کر اس کو ٹکرے ٹکرے کر دیا یا یہ بڑی بہادری اس بات میں سمجھتے ہیں کہ مسلمانوں کے سینہ پر گرم گرم پتھر رکھے یا انہیں مکہ کے گلی کوچوں میں کھردرے اور نوکیلے پتھروں پر گھسیٹا اور ان کو لہو لہان کر دیا۔مگر ایک دن آنے والا ہے جب ہم ان کَنُوْد کو یہ بتائیں گے کہ بہادر کیسے ہوتے ہیں اور بہادری کس چیز کا نام ہے۔دیکھو چونکہ یہ مکی سورۃ ہے اور دشمن کو خواہ مخواہ اشتعال دلانا مقصود نہیں اس لئے اللہ تعالیٰ نے ان کی برائیاں بیان کرتے ہوئے ایسا لفظ استعمال کیا ہے جس کے دوسرے معنے بھی ہو سکتے ہیں تاکہ ان کی طبیعت میں اشتعال پیدا نہ ہو اور ان کا ذہن دوسرے معنوں کی طرف چلا جائے ورنہ در حقیقت اِنَّ الْاِنْسَانَ لِرَبِّهٖ لَكَنُوْدٌ سے کفار مکہ ہی مراد ہیں اور مراد یہ ہے کہ کفار خدا تعالیٰ کے نا شکرے ہیں خدا تعالیٰ کی مدد ان کو کہاں مل سکتی ہے۔چونکہ یہ اپنے رب کی ناشکری کرتے ہیں،غریبوںپر ظلم کرتے ہیں،فقیروں کو کھانا نہیں کھلاتے،صدقہ وخیرات کو ایک عبث فعل قرار دیتے ہیں اس لئے ایک دن بطور سزا ہم مسلمانوں سے ان پر حملہ کرائیں گے تاکہ انہیں معلوم ہو کہ برے اعمال کا کیسا عبرتناک انجام ہوا کرتا ہے۔وَ اِنَّهٗ عَلٰى ذٰلِكَ لَشَهِيْدٌۚ۰۰۸ اور وہ یقیناً اس پر (اپنے قول اور فعل سے) گواہی دے رہا ہے۔تفسیر۔اس آیت میں فرماتا ہے کہ ان لوگوں میں ایک طرف تو مذکورہ بالا عیوب پائے جاتے ہیں اور دوسری طرف یہ ان عیوب پر فخر کرتے ہیں۔غلاموں یا عورتوں کو مارنا کتنی قابل شرم حرکت ہے مگر ان کی حالت یہ ہے