تفسیر کبیر (جلد ۱۲) — Page 84
وَ نُيَسِّرُكَ لِلْيُسْرٰى ۚۖ۰۰۹ اور ہم (اے مسلمان) تیرے لئے (کامیابیوں اور) آسانیوں کا حصول آسان کر دیں گے۔حلّ لُغات۔نُیَسِّـرُ۔نُیَسِّـرُ یَسَّـرَ سے مضارع جمع متکلّم کا صیغہ ہے اور یَسَّـرَ الشَّیْءَ لِفُلَانٍ کے معنے ہوتے ہیں سَھَّلَہٗ لَہٗ وَدَفَعَہٗ لَہٗ۔اس کے لئے کسی چیز کے حصول کو آسان کر دیا گیا اور وہ چیز اسے مہیا کر دی گئی۔یَکُوْنُ فِی الْـخَیْرِ وَالشَّـرِّ۔یہ لفظ خیر کے لئے بھی استعمال کر لیتے ہیں اورشرّ کے لئے بھی (اقرب ) یعنی یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ یَسَّـرَہٗ لِلْعُسْـرٰی اور یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ یَسَّـرَہٗ لِلْیُسْـرٰی۔یُسْـرٰی۔اور یُسْـرٰی کے معنے ہیں اَلسَّھْلُ (مفردات) آسان۔پس نُيَسِّرُكَ لِلْيُسْرٰى کے یہ معنے ہوئے کہ ہم تیرے لئے آسانی پیدا کر دیں گے یُسْـرٰی کے بارے میں۔یا ہم تجھ کو مہیا کر دیں گے یُسْـرٰی۔یعنی تجھ کو جو چیز ملے گی وہ یُسْـرٰی ہو گی اور اس وجہ سے اس پر عمل کرنا اور اس تعلیم سے تعلق رکھنا لوگوں کے لئے آسان ہوگا۔تفسیر۔یُسْـرٰی سےمراد احکامِ شریعت میں آسانی اس آیت میں اللہ تعالیٰ یہ مضمون بیان فرماتا ہے کہ تیرے دین کی حفاظت اور اس کے دائمی طور پر قیام کا یہ بھی ایک ذریعہ ہے کہ اس میں یُسْـرٰی یعنی احکامِ شریعت میں سے زیادہ سہل کو مدنظر رکھا گیا ہے۔سابق مضمون کے تسلسل میں یہ ایک نئی دلیل اس بات کی بیان کی گئی ہے کہ قرآن کریم ہمیشہ محفوظ رہے گا۔جس طرح کئی قسم کے ظاہری سامان اللہ تعالیٰ نے اس کی حفاظت کے کئے ہیں اسی طرح اس کی حفاظت کا اللہ تعالیٰ نے ایک یہ سامان بھی پیدا کیا ہے کہ اس میں ہر فطرت کا لحاظ رکھا گیا ہے۔اور اس لئے یہ تعلیم ہر زمانہ میں کامیاب طور پر چل سکتی ہے۔لوگ اگر خود چھوڑ دیں تو اور بات ہے ورنہ قرآن کریم میں کوئی ایسی تعلیم نہیں جس میں فطرتِ انسانی کے کسی پہلو کو نظر انداز کیا گیا ہو یا کوئی ایسی تعلیم دی گئی ہو جس پر عمل کرنا لوگوں کو بارِ خاطر معلوم ہو۔بلکہ اس کی تعلیم انسانی فطرت کے مطابق ہے اور اس میں ایسی سہولتیں موجود ہیں جن کی وجہ سے ہر فطرت کا انسان اس کے احکام پر عمل کر سکتا ہے۔چنانچہ دیکھ لو یہ یُسْـرٰی ہی ہے کہ کسی وقت کھڑے ہو کر نماز پڑھنے کا حکم ہے اور کسی وقت بیٹھ کر نماز پڑھنے کی اجازت ہے۔کسی وقت لیٹ کر نماز پڑھنے کی اجازت ہے اور کسی وقت اشاروں اشاروں میں ہی نماز پڑھ لینے کی اجازت ہے۔اگر صرف اتنا ہی حکم دے دیا جاتا کہ کھڑے ہو کر نماز پڑھو تو بیمار اور معذور لوگ اس پر عمل نہ کر سکتے اور گناہ گار