تفسیر کبیر (جلد ۱۱)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 417 of 615

تفسیر کبیر (جلد ۱۱) — Page 417

مسلمانوں کا ہزار سال تک غلبہ رہا مگر وہ بھی مٹ گیا۔پس فرماتا ہے کیا ان کے دلوں میں یہ کبھی خیال نہیں آتا کہ ہمارا بھی ایک بعث ہو گا۔ہم پر بھی وہ دن آنے والا ہے جو ہمارے محاسبہ کا دن ہو گا بعث ؔ کا لفظ اس لئے استعمال کیا گیا ہے کہ نتیجہ کے دن صرف قوم کے موجودافراد کے اعمال کا ہی نتیجہ نہیں نکلتا بلکہ اُن کے آباء کے اعمال کا نتیجہ بھی نکلتا ہے جب ایک قوم دوسری قوم کے خلاف اُٹھتی ہے تو صرف زندہ لوگوں کے اعمال کا محاسبہ نہیں لیتی بلکہ اُن کے آباء کے سلوک کا بدلہ بھی لیتی ہے۔اس طرح گویا قوم کے سب افراد زندہ ہو کر اپنا حساب پیش کرتے ہیں۔يَّوْمَ يَقُوْمُ النَّاسُ لِرَبِّ الْعٰلَمِيْنَ میں درحقیقت يَوْمَ لَا تَمْلِكُ نَفْسٌ لِّنَفْسٍ شَيْـًٔا کی طرف اشارہ کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ اب تو یہ مشرقی اور مغربی۔گورے اور کالے۔یوروپین اور ایشیائی میں فرق کرتے ہیں مگر ایک دن آئے گاجب یہ لوگ اُس خدا کے سامنے کھڑے کئے جائیں گے جو رب العالمین ہے۔وہ اس وقت ان لوگوں سے ان مظالم کے بارہ میں باز پُرس کرے گا اور کہے گا کہ کیوں تم نے ایک طبقہ کو ذلیل کیا۔اور کیوں اُس کو محکوم و مغلوب رکھا۔آخر خدا کسی ایک قوم کا نہیں بلکہ وہ رب العالمین ہے۔وہ ایشیائیوںؔ کا بھی خدا ہے اور افریقنوں ؔ کا بھی خدا ہے اور چینیوں ؔکا بھی خدا ہے اور جاپانیوںؔ کا بھی خدا ہے اور انگریزوںؔ کا بھی خدا ہے اور امریکنوں کا بھی خدا ہے۔وہ اپنے بندوں کو اُسی کے ماتحت دیکھ کر خوش ہو سکتا ہے جو رب العالمین کی صفت اپنے اندر لے لے اور اُس کی ربوبیت کا کامل مظہر بن جائے۔عارضی حکومتیں دنیا میں بے شک ہوتی چلی آئی ہیں اور وہ تھوڑے تھوڑے عرصہ کے بعد مٹتی بھی رہی ہیں۔لیکن مستقل طور پر وہی قوم دنیا پر حکومت کر سکتی ہے جو لوگوں سے زائد حقوق نہ مانگے۔اور اُن سے کہے کہ یہ ہماری نہیں بلکہ تمہاری حکومت ہے۔جو قوم دُنیا میں بنی نوع انسان کی خدمت کا احساس لے کر کھڑی ہو گی اور پھر زائد حقوق مانگنے کے لئے بھی تیار نہیں ہو گی وہ ہمیشہ رہے گی۔اُس کے خلاف لوگوں کو بغاوت کرنے کی کبھی ضرورت ہی پیش نہیں آسکتی۔خدا تعالیٰ کے حساب لینے سے مراد خدا تعالیٰ کے حساب لینے کے یہ معنے نہیں کہ وہ خود براہ راست حساب لے۔قیامت کے دن وہ خود حساب لے گا اور اس دنیا میں وہ انسانوں میں سے ہی کسی فرد یا قوم کو حساب لینے کے لئے کھڑا کر دیتا ہے اس قوم کا حساب لینا خدا تعالیٰ کا حساب لینا ہی کہلاتا ہے۔