حقائق الفرقان (جلد ۱) — Page 277
تو نہایت متفکّرچہرہ بنا لیا۔انہوں نے کہا حضرت آپ کِس خیال میں ہیں؟ ہم تو ایک مسئلہ دریافت کرنے آئے ہیں۔آپ نے فرمایا مَیں تو اِس حیرت میں ہوں کہ یہاں بغداد میں لاکھوں آدمی رہتے ہیں ہر ایک کی ضرورت مختلف ہے۔کوئی چین سے ، کوئی حبش سے، کوئی کِسی اَور بحری مقام سے وابستہ ہے پھر ہر ایک ضرورت کے لئے جہاز پر جہاز اڑے چلے آتے ہیں اور سُنتا ہوں نہ ان پر کوئی ملاّح ہے، نہ ان کا کوئی مالک ہے، نہ انہیں کوئی چلانے والا ہے۔اس پر اس دہریہ جماعت کا بڑا بولا کہ معلوم ہوتا ہے آپ کے دماغ کو کوئی صدمہ ہو گیا ہے۔یہ کام بغیر کسی مدبّر بالا رادہ کے نہیں چل سکتا اور نہ چل رہا ہے۔آپ نے فرمایا بغداد کی کارروائی تو بغیر کِسی مدبّر کے نہ چلے مگر آسمان و زمین کا کارخانہ خود بخود چلتا رہے۔اس پر وہ بہت نادم ہوئے اور چلے گئے۔مجھے بھی کئی دہریوں سے گفتگو کا اِتّفاق ہؤا۔ایک دفعہ مَیں نے ایک دہریّہ سے اس دری کی طرف اشارہ کر کے جس پر ہم بیٹھے ہیں پُوچھا اس کا یہ دھاگا یہاں سے پَلٹ کر ادھر کیوں گیا ہے۔اُس نے کہا مدبّر بالِا رادہ دری کے بُننے والے نے اسے پیچدار بنا لیا۔مَیں نے کہا آپ نے اِس دری کا بُننے والا دیکھا۔کہا نہیں۔مگر ایسی دریاں بنتے مَیں نے دیکھی ہیں۔جب اسے سمجھایا گیا کہ تم لوگ تو تماثل اجسام کے قائل نہیں تو اس نے ہنس کر بات کو ٹالنا چاہا۔یہاں تک تو اپنی ہستی اور صفتِ رحمانیّت کا ثبوت دیا اَب رحیمی صفت کا بیان ہوتا ہے پہلے تو جہازوں کو لو جن سے لوگوں کو بہت نفع پہنچتا ہے۔یہ دوسرے ممالک کے ناموں کا بائیکاٹ کرنے والے اور سودیشی تحریک کے بانی اِس آیت کا انکار کرنے والے ہیں اگر ہم آج یہ تفریق کریں گے کہ فلاں ملک کی چیز خواہ کیسی اچھی ہو ہم نہیں لیتے۔توکل پھر بعض شہروں کا بائیکاٹ کرینگے پھر مذہبی تفریق درمیان میں آئے گی۔مسلمان کہیں گے ہم ہندوؤں کی نہیں خریدتے اور ہند وکہیں گے ہم عیسائیوں سے یہ معاملہ نہیں رکھتے۔پھر مذہبوں کی آپس میں تفریق ہو گی۔وہابی کہیں گے ہم حنفیوں کی بنی ہوئی چیزیں نہیں خریدتے اور حنفی کہیں گے ہم احمدیوں کی نہیں خریدتے۔اِس طرح تو بڑا فساد پڑے گا۔پھر اُوپر سے پانی کا برسنا اور اس پانی سے فائدہ اُٹھانا۔یہ بھی رحیمی صفت کے ماتحت ہے۔پھر جانداروں کا پیدا کرنا جو طرح طرح کی ضرورتوں میں ہمارے کام آتے ہیں۔کوئی بوجھ اُٹھاتا ہے کوئی ہَل چلاتا ہے، کوئی حفاظت کرتا ہے، کوئی غذا بناتا ہے۔: ہواؤں کے بارے میں بڑی بڑی کتابیں بنی ہوئی ہیں۔ایک ہَوا ہے جو جہازوں کو ایک مقام سے دوسرے مقام تک لے جاتی ہے۔ایک ہَوا ہے جو ریل کو چلاتی ہے۔ایک