اَلْاَزْھَارُ لِذَوَاتِ الْخِمَارِ یعنی اوڑھنی والیوں کیلئے پھول (جلد سوم حصہ اوّل)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 85 of 377

اَلْاَزْھَارُ لِذَوَاتِ الْخِمَارِ یعنی اوڑھنی والیوں کیلئے پھول (جلد سوم حصہ اوّل) — Page 85

الازھار لذوات الخمار‘ جلد سوم حضہ اوّل 85 خطبہ جمعہ 30 جنوری 2004 بمقام بیت الفتوح لندن چاہئے اور بدنظری کے اسباب سے بچنا چاہئے۔“ ( ملفوظات جلد اول، جدید ایڈیشن ،صفحہ 533) اب یہ جو غض بصر کا حکم ہے، پردے کا حکم ہے اور توبہ کرنے کا بھی حکم ہے، یہ سب احکام ہمارے فائدے کے لئے ہیں۔اللہ تعالیٰ اپنا پیار، اپنا قرب عطا فرمائے گا کہ اس کے احکامات پر عمل کیا۔لیکن ساتھ ہی یہ بھی فرمایا کہ اس معاشرے میں، اس دنیا میں جہاں تم رہ رہے ہو، ان نیکیوں کی وجہ سے تمہاری پاکدامنی بھی ثابت ہو رہی ہوگی اور کوئی انگلی تم پر یہ اشارہ کرتے ہوئے نہیں اٹھے گی کہ دیکھو یہ عورت یا مردا خلاقی بے راہ روی کا شکار ہے، ان سے بچ کر رہو۔اور لوگ یہ کہتے پھریں کہ خود بھی بچو اور اپنے بچوں کو بھی ان سے بچاؤ نہیں بلکہ ہر جگہ نیکی کی وجہ سے ہمیں عزت کا مقام ملے گا۔دیکھیں جب ہرقل بادشاہ نے ابوسفیان سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم کے بارہ میں پوچھا کہ کیا ان کی تعلیم ہے اور کیا ان کے عمل ہیں؟ تو با وجود دشمنی کے ابوسفیان نے اور بہت ساری باتوں کے علاوہ یہی جواب دیا کہ وہ پاکدامنی کی تعلیم دیتے ہیں۔تو ہر قل نے کہا کہ یہی ایک نبی کی صفت ہے۔پھر محمد بن سیرین سے روایت ہے کہ آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے درج ذیل امور کی وصیت کی پھر ایک لمبی روایت بیان کی جس میں سے ایک وصیت یہ ہے۔کہ عفت ( یعنی پاکدامنی ) اور سچائی، زنا اور کذب بیانی کے مقابلہ میں بہتر اور باقی رہنے والی ہے۔(سنن دارقطنی، کتاب الوصايا، باب مايستحب بالوصية من التشهدوالكلام) تو پاکدامنی ایسی چیز ہے جو ہمیشہ رہنے والی ہے اور جس میں ہو اس کا طرہ امتیاز ہو گی اور ہمیشہ ہر انگلی اس پر اس کی نیکی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اٹھے گی۔سید نا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں : ایمانداروں کو جو مرد ہیں کہہ دے کہ آنکھوں کو نامحرم عورتوں کے دیکھنے سے بچائے رکھیں اور ایسی عورتوں کو کھلے طور سے نہ دیکھیں جو شہوت کا محل ہوسکتی ہوں“۔اب اس میں ایسی عورتیں بھی ہیں جو پردہ میں نہیں ہوتیں۔اس کا مطلب یہ نہیں کہ جو عورت پر دے میں نہیں ہے اس کو دیکھنے کی اجازت ہے بلکہ ان کو بھی دیکھنے سے بچیں۔