اَلْاَزْھَارُ لِذَوَاتِ الْخِمَارِ یعنی اوڑھنی والیوں کیلئے پھول (جلد سوم حصہ اوّل) — Page 128
الازهار لذوات الخمار جلد سوم حصہ اوّل 128 جلسہ سالانہ کینیڈ ا2004 مستورات سے خطاب پھر اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ یہ نیکیاں جب تم اپنا لو، یہ خصوصیات جو ایک مومنہ عورت میں ہونی چاہئیں اختیار کر لو تو پھر ان کو مزید چھپکانے کے لئے ، ان کو مزید پالش (Polish) کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ کا ذکر بہت کرو۔اس کو اٹھتے بیٹھتے یا د رکھو، اس کی محبت ، اس کی خشیت اپنے دلوں میں قائم کرو۔اس کی عبادت کی طرف توجہ دیتی رہو۔جب تم یہ معیار حاصل کر لو گی تو پھر تم سمجھو کہ دنیا کی غلاظتوں سے بچ گئیں اور اللہ تعالیٰ کا قرب پانے والی ہو گئیں۔اور پھر ایسی عورتوں کو اللہ تعالیٰ کا رسول بہت بڑی خوشخبری دیتے ہیں، بلکہ ضمانت دیتے ہیں۔ایک روایت میں آتا ہے حضرت عبدالرحمن بن عوف سے مروی ہے کہ آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ: جب کوئی عورت پنجوقتہ نماز پڑھتی ہے، رمضان کے روزے رکھتی ہے، اپنی عصمت کی حفاظت کرتی ہے، اور اپنے خاوند کی فرمانبرداری کرتی ہے تو اسے کہا جاتا ہے کہ جنت کے جس دروازے سے تو چاہے داخل ہو جا۔(مسند احمد بن حنبل مسند العشرة المبشرة بالجنة) دیکھیں کتنی بڑی خوشخبری ہے ایسی عورتوں کو جو ہر طرح سے اپنے آپ کو احکامات کا پابند کرنے والی ہیں۔اللہ تعالیٰ سب کو توفیق دے کہ وہ اسلامی احکامات پر عمل کرنے والی ہوں، تزکیہ نفس کرنے والی ہوں، اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنے والی ہوں ، اپنی اولادوں کی صحیح اسلامی رنگ میں تربیت کرنے والی ہوں تا کہ یہاں اگلی نسلیں بھی ان برکات اور انعامات سے حصہ لیتی رہیں جن کا اللہ تعالیٰ نے وعدہ فرمایا ہوا ہے۔خدا کرے کہ آپ کی نسلوں اور اولا دوں میں بھی نظام خلافت سے ہمیشہ وہی وفا، اخلاص اور محبت کا تعلق قائم رہے جو آپ کے چہروں پر نظر آتا ہے۔ایک اور بات یہ ہے کہ جلسہ کی کارروائی کا آج دوسرا دن ہے اس کے بعد پھر شام کو کا روائی ہو گی تو اس کارروائی کے دوران ادھر ادھر پھر کر باتیں کرنے یا مجلس لگانے کی کوشش نہ کریں۔اس عادت کو ختم کریں۔جلسہ کی کارروائی کو غور سے سنیں اور جو کچھ سنیں اس کو یاد بھی رکھیں اور زندگیوں کا حصہ بھی بنائیں ، ان سے فائدہ بھی اٹھائیں اور آگے اپنی اولادوں کی تربیت میں بھی اس کو استعمال کریں۔اللہ تعالیٰ سب کو اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔