نُورِ ہدایت

by Other Authors

Page 136 of 1207

نُورِ ہدایت — Page 136

خدا تعالیٰ کا قرب انہیں قرآن کریم کے نزول سے پہلے حاصل تھا یا نہیں۔اگر ان باتوں کے جواب اثبات میں ہیں تو کوئی شخص کہہ سکتا ہے کہ پھر ہمیں اس نماز کی کیا ضرورت ہے جو قرآن کریم میں مذکور ہے۔اس قسم کے روزہ کی کیا ضرورت ہے جو قرآن کریم میں مذکور ہے۔اس قسم کے جہاد کی کیا ضرورت ہے یا اور دوسرے شرعی احکام کی کیا ضرورت ہے جو قرآن کریم میں مذکور ہیں۔جب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو تقویٰ اور محبت الہی بغیر ان احکام پر عمل کرنے کے حاصل ہو گیا تھا تو ہمیں بھی ان کے بغیر حاصل ہو جائے گا۔بلکہ دین کے معاملات کو جانے دو۔دنیوی چیزوں میں ہی اگر کوئی کہے کہ پہلی مرغی یا پہلا انڈا کیونکر بنا تھا۔پہلا دانہ اور پہلا درخت کیونکر بنا تھا۔اب بھی اسی طرح بن جائے گا۔ہمیں ان کے پیدا کرنے کے لئے قانون قدرت کے مطابق کوشش کرنے کی کیا ضرورت ہے۔تو اس شخص کو ہر کوئی نادان کہے گا۔خدا تعالیٰ کا قانون اس وقت کے لئے جب بیچ مٹ جاتا ہے اور ہے اور جب بیج پیدا کر دیا جاتا ہے اور ہے۔محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر قرآن کریم کے نزول سے پہلے دنیا سے پاکیزہ تعلیم مٹ چکی تھی۔محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پاک فطرت میں جذبات محبت پیدا ہوئے اور اللہ تعالیٰ نے بغیر اس کے کہ وہ خاص الفاظ یا خاص انداز میں بیان کئے جاتے ان کو قبول کیا اور نوازا۔لیکن جب قرآن کریم نازل ہو گیا۔ہراک امر کے لئے خاص قواعد بن گئے تو اب ان کے بغیر وہ نعمتیں حاصل نہیں ہوسکتیں جو اس سے پہلے حاصل ہوسکتی تھیں۔محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دین اور شریعت کی بنیا درکھ دی اور اب اس قانون اور شریعت سے باہر رہنے والا ہر گز کامیاب نہیں ہوسکتا۔اس سوال پر ایک اور پہلو سے بھی نظر کی جاسکتی ہے اور وہ یہ کہ کیا نبی صرف ایک عہدہ کا نام ہے یا نبی کے لئے تقویٰ طہارت اور قرب الی اللہ کی بھی شرط ہے؟ اگر ان باتوں کا پایا جانا نبی کے لئے شرط ہے تو پھر سوال یہ ہے کہ کیا یہ ہوسکتا ہے کہ غیر نبی ، نبی سے تقویٰ اور طہارت اور قرب الی اللہ میں زیادہ ہو؟ 136