نماز عبادت کا مغز ہے — Page 207
207 دُعا میں صرف عربی زبان کے پابند نہ رہو نماز کیا چیز ہے وہ دُعا ہے جو تسبیح۔تحمید۔تقدیس اور استغفار اور درود کے ساتھ تضرع سے مانگی جاتی ہے۔سو جب تم نماز پڑھو تو بے خبر لوگوں کی طرح اپنی دعاوں میں صرف عربی الفاظ کے پابند نہ رہو کیونکہ ان کی نماز اور ان کا استغفار سب رسمیں نہیں جن کے ساتھ کوئی حقیقت نہیں لیکن تم جب نماز پڑھو تو بجز قرآن کے جو خدا کا کلام ہے اور بجز بعض ادعیہ ماثورہ کے کہ وہ رسول ﷺ کا کلام ہے۔باقی اپنی تمام عام دُعاؤں میں اپنی زبان میں ہی الفاظ متضرعا نہ ادا کر لیا کرو تا ہو کہ تمہارے دلوں پر اُس عجز و نیاز کا کچھ اثر ہو۔پنجگانہ نمازیں کیا چیز ہیں وہ تمہارے مختلف حالات کا فوٹو ہے۔تمہاری زندگی کے لازم حال پانچ تغیر ہیں جو بلا کے وقت تم پر وارد ہوتے ہیں اور تمہاری فطرت کے لیے اُن کا وارد ہونا ضروری ہے۔( تفسیر سورۃ بنی اسرائیل 238 آیت نمبر 79)