نماز اور اس کے آداب — Page 3
3 اہمیت نماز " نماز ارکان اسلام میں سے دوسرا رکن ہے۔جس کا بر وقت ادا کیا جانا ہر مسلمان مرد عورت پر فرض ہے۔سید نا حضرت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز کو دین کا ستون قرار دیا ہے۔حقیقی نماز ہی کے ذریعے سے انسان روحانیت کے اعلیٰ مدارج تک پہنچ سکتا ہے۔اور انسانیت کی اعلیٰ رفعتوں کو چھو سکتا ہے۔صلوۃ کے لغوی معنی دعا ، رحم ، دین، شریعت، استغفار تعظیم ، برکت ، اور مسلمانوں کی اصلاحی عبادت کے ہیں۔جس کے نتیجہ میں لازماً بدی سے نفرت اور بے حیائی سے کراہت پیدا ہوتی ہے۔نیز نماز روحانی ترقیات اور اعلیٰ اخلاق حاصل کرنے کا زینہ اور منبع ہے اور تمام برائیوں سے بچنے کا قلعہ ہے۔“ نماز انسان کا تعویذ ہے پانچ وقت دعا کا موقع ملتا ہے۔کوئی دعا تو سنی جائیگی۔اس لئے نماز کو بہت سنوار کر پڑھنا چاہئے اور مجھے یہی بہت عزیز ہے“ ( ملفوظات جلد ا صفحه ۳۹۶) حدیث شریف میں آیا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک قوم اسلام لائی اور عرض کی کہ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں نماز معاف فرما دی جاوے کیونکہ ہم کاروباری آدمی ہیں۔مویشیوں وغیرہ کے سبب سے کپڑوں کا کوئی اعتماد نہیں ہوتا اور نہ ہمیں فرصت ہوتی ہے تو آپ نے اس کے جواب میں فرمایا کہ دیکھو جب نماز نہیں تو ہے ہی کیا؟ وہ دین ہی نہیں جس میں نماز نہیں۔( ملفوظات جلد نمبر ۳ صفحه ۱۸۸)