محسنات — Page 16
16 میں نے اپنے دور میں جو تحریکیں کی ہیں ان کے نتیجہ میں میں جانتا ہوں کہ اتنی عظیم الشان قربانیاں احمدی خواتین نے کی ہیں اور خاموشی کے ساتھ کی ہیں اور بعض دفعہ ان کے خط پڑھتے ہوئے آنکھوں میں بے اختیار آنسو جاری ہو جایا کرتے تھے۔میں دعا کیا کرتا تھا کہ کاش میری اولاد میں سے بھی ایسی بیٹیاں ہوں جو اس شان کے ساتھ اس پیار اور محبت کے ساتھ اللہ کے حضور اپنا سب کچھ پیش کر دینے والی ہوں۔“ "❝ ہم بھی اسی غرض سے آئندہ صفحات میں جائزہ لیں گے کہ احمدی عورت نے ( دین حق) کی اس نشاۃ ثانیہ کے دور میں اپنے حقوق و فرائض ادا کرنے میں کس عاجزانہ شان کا مظاہرہ کیا۔یہ بات تو ظاہر ہے کہ اس قسم کے کوئی بھی جائزے مکمل اور حتمی نہیں ہوتے کچھ مثالیں پیش کی جاسکتی ہیں جو سب کی ترجمانی کرتی ہیں۔اس کتاب میں بابرکت نام بکثرت آئیں گے جن کے ساتھ ہم دعا دینے کے عادی ہیں مگر بوجوہ ہم لکھ نہیں سکتے۔قارئین کرام سے درخواست ہے کہ اپنے بزرگوں کے لئے دعائیہ الفاظ ادا کرتے رہیں۔اللہ تعالیٰ سب پر سلامتی نازل فرمائے۔اپنی رضا کے عطر سے ممسوح فرمائے ان کے درجات بلند سے بلند تر کرتا چلا جائے۔آمین اللہم آمین