لجنہ اماءاللہ عالمگیر کے لئے پیغامِ عمل

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 130 of 336

لجنہ اماءاللہ عالمگیر کے لئے پیغامِ عمل — Page 130

بہت نازک مقام ہے۔جماعت کے ساتھ اپنی ظاہری وابستگی کو ہی سب کچھ نہ سمجھ بیٹھیں۔خالی چھلکے سے کچھ فائدہ نہیں ہو تا جب تک مغز نہ ہو۔اس لئے اپنی آئندہ نسلوں کی فکر کرنے کے ساتھ ساتھ آپ کو اپنے جائزے لینے کی بھی اشد ضرورت ہے۔کیونکہ اگر آپ خود عبادات کی پابند نہیں ہیں تو اپنی اولاد کو اس کا پابند کیونکر بناسکتی ہیں ؟ اگر آپ خود شریعت کے احکام پر عمل کرنے میں سست ہیں تو اپنی اولاد کو اس پر کار بند رکھنے کا فریضہ کس طرح ادا کر سکتی ہیں ؟ اگر پردہ کے معاملہ میں آپ کا کردار قابل تقلید نہیں تو کیسے توقع کی جاسکتی ہے کہ آپ کی اولاد اس معاملہ میں اعلیٰ مثالیں قائم کرنے والی بن جائیگی؟ اگر خلافت کے ساتھ تعلق اور نظام جماعت کی اطاعت میں آپ اپنا اچھا نمونہ نہیں دکھائیں گی تو آپ کی اولاد یہ درس کہاں لے گی؟ لہذا ان ایام میں اس مضمون پر غور کرتی رہیں اور جب یہاں سے گھروں کو لوٹیں تو ان باتوں پر عمل کا عزم اور عہد لے کر جائیں اور پھر اسے اپنی زندگیوں کا حصہ بنانے کی کوشش کریں۔میں امید رکھتا ہوں کہ پاکستان کی لجنہ میری فکروں کو دور کرنے کی کوشش کرے گی۔آجکل وہاں جو حالات ہیں ان میں دعاؤں پر بہت زور دیں تاکہ اللہ تعالیٰ غیب سے اپنے فضلوں کے سامان پیدا فرمائے اور یہ دوریاں جلد ختم ہوں۔اللہ تعالیٰ آپ کو 130