میری پونجی — Page 310
میرے صابر و شاکر حوصلہ مند فیقو! جب بھی موقعہ ملے دعائے خیر کیلئے آیا کرو۔تم عید پر آتے ہو۔میں خوش ہوتی ہوں۔میں اور بھی خوش ہوگی تم عید منا یا بھی تو کرو۔تم سب کی بہت ذمہ داریاں بھی ہیں۔اُن کو نبھانا بھی ایک عبادت ہے اور یہ عبادت میرے لیے دعا بھی ہے۔سعدی، بینا کی علمی کامیابیوں پر خوش ہوں اور شمر کیلئے بے چین بھی۔خدا کرے کہ وہ بھی قدم بقدم کامیابیاں حاصل کرے۔کام کاج میں اُسکی لگن اپنی جگہ ہے لیکن اتنا مگن بھی نہ ہو کہ اپنی شدھ بدھ بھی نہر ہے۔اپنی صبحیں عبادت سے سجاؤ۔پھر خود کو بھی سنوارو۔اُجلے ستھرے بن کر ، بودے شودے واہ کر سرمہ شرمہ پا کر باہر نکلو تا کہ باہر کی دنیا میں ہر چیز اُجلی اور ستھری دکھائی دے۔عمر تم سے بھی کہتی ہوں۔اچھے کھلاڑی بنو اور اپنے شوق پورے کرو۔اُس سیٹ پر جاؤ جہاں انسان کو عزت اور شہرت ملتی ہے۔تم بھی کوئی ایسی ہی سیٹ تلاش کرو۔تم سے بھی یہی کہوں گی کہ اپنی ہر لگن میں خود کو نہ بھولو۔چاہنے والی چیزوں کو اُس حد تک چاہو کہ تسکین بخشیں۔مگر اس حد تک نہیں کہ تمہاری کامیابی کی راہیں روک کر کھڑی ہو جائیں۔اللہ تعالیٰ تم سب کا نگہبان ہو ، حامی و ناصر ہو عالم ابدی سے (310) تمہاری امی جان