مضامین بشیر (جلد 3)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 21 of 760

مضامین بشیر (جلد 3) — Page 21

مضامین بشیر جلد سوم 21 آزادی کا استعمال اس نعمت کا امتحان ہے اور ان دونوں کے صحیح ملاپ سے ہی قومی فلاح اور کامیابی کا رستہ کھلتا ہے۔جو قوم آزادی کی نعمت نہیں پاتی وہ گویا آزادی کی جنت سے ہی محروم رہتی ہے اور جو قوم آزادی کی نعمت تو پالیتی ہے مگر اپنی آزادی کا صحیح استعمال نہیں کرتی اس کا نصب کیا ہوا باغیچہ بنجر ثابت ہوتا ہے اور وہ پھل نہیں دیتا جس کے لئے اسے نصب کیا گیا تھا۔پس دوسرا اور اہم تر فرض اہل پاکستان کا یہ ہے کہ اب جبکہ خدا نے انہیں آزادی کی نعمت سے نوازا ہے تو وہ اپنی آزادی کے درخت کو ثمر دار ثابت کریں اور اس سے وہ پھل حاصل کرنے کی کوشش کریں جو ایک تندرست اور بار آور پودے کے لئے مقدر ہوتا ہے۔یہ پھل دومیدانوں سے تعلق رکھتا ہے جن میں سے ایک امن کا میدان ہے اور دوسرا جنگ کا اور گوان کی آگے بیسیوں شاخیں ہیں مگر میں اس جگہ صرف ایک شاخ کے مختصر ذکر پر اکتفا کروں گا۔امن کے میدان میں حکومت کی ذمہ داری کے ایک پہلو کے متعلق قرآن شریف فرماتا ہے:۔إِنَّ اللَّهَ يَأْمُرُكُمْ أَنْ تُؤَدُّوا الْآمَنَتِ إِلَى أَهْلِهَا وَإِذَا حَكَمْتُمُ بَيْنَ النَّاسِ أَنْ تَحْكُمُوا بالعدل (النساء:59) یعنی اے مسلمانو! اللہ تعالیٰ تمہیں حکم دیتا ہے کہ حکومت کے عہدوں کی امانت ان لوگوں کے سپر د کیا کرو جو اس امانت کے اہل ہیں۔اور پھر اے وہ لوگو! جنہیں حکومت کی امانت سپرد ہو تمہارے لئے ہمارا یہ حکم ہے کہ اپنے سب کاموں میں عدل پر قائم رہو۔عدل چونکہ ہر حکومت کا بنیادی پتھر ہے۔اس لئے اسلام نے اسے سب سے مقدم کیا ہے اور حق یہ ہے کہ عدل کے بغیر حکومت کا کوئی ایک شعبہ بھی کامیابی کے ساتھ نہیں چل سکتا۔کیونکہ یہ وہ جڑ ہے جس سے تمام ملکی شعبوں میں فلاح و کامیابی کی شاخیں پھوٹتی ہیں اور عدل سے مراد صرف افراد کے درمیان عدل کرنا ہی نہیں بلکہ اپنے کام اور فرض منصبی کے ساتھ عدل کرنا۔حکومت اور پبلک کے درمیان عدل کرنا۔ملک میں رہنے والی مختلف قوموں کے درمیان عدل کرنا اور افراد کے درمیان عدل کرنا سب عدل کے مفہوم میں شامل ہیں۔پس امن کے میدان میں حکومت کا اولین فرض عدل کا قیام ہے اور جو حکومت اس فرض کی طرف سے غافل ہوتی ہے وہ اپنی عمر کو تباہ کرنے کی خود ذمہ دار ہے۔اگر ملک میں عدل ہو تو باقی شعبے خود بخود پنپنے لگ جاتے ہیں اور اگر عدل نہ ہو تو ان شاخوں کی طرح جن کی جڑ میں کیٹر ا لگ رہا ہو سا را درخت ہی خشک ہونے لگتا ہے۔پس آزادی کی نعمت کو برقرار اور قائم رکھنے کا سب سے بڑا ذریعہ جو امن کے میدان سے تعلق رکھتا ہے وہ عدل کا قیام ہے۔