مضامین بشیر (جلد 2)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 768 of 1110

مضامین بشیر (جلد 2) — Page 768

مضامین بشیر ۷۶۸ اہلیہ صاحبہ بھائی چوہدری عبدالرحیم صاحب کی وفات پشاور سے اطلاع ملی ہے کہ اہلیہ صاحبہ بھائی چوہدری عبدالرحیم صاحب وفات پاگئی ہیں۔اناللہ وانا اليه راجعون۔محترمی بھائی صاحب اس وقت قادیان میں درویشی زندگی گذار ر ہے ہیں۔اور نو مسلم ہونے کے علاوہ احمدیت میں سابقون اوّلون میں سے ہیں۔اللہ تعالیٰ اس صدمہ میں ان کا حافظ و ناصر ہو اور مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عنایت فرمائے۔آمین مرحومہ نہایت نیک اور خدمت گذار خاتون تھیں۔محترمی بھائی صاحب کے ساتھ ان کی شادی خود حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تجویز اور تحریک کے مطابق ہوئی تھی۔محترمی بھائی صاحب (جو میرے استاد بھی ہیں ) بسا اوقات ذکر فرمایا کرتے تھے کہ جب حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے مرحومہ کے ساتھ ان کی شادی کی تحریک فرمائی تو بھائی صاحب نے ( جوا بھی نئے نئے مسلمان ہوئے تھے ) یہ خیال کر کے کہ یہ بیوہ ہیں کچھ انقباض کا اظہار کیا جس پر حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا : - ”میاں عبدالرحیم تم میری تجویز کو مان لو۔انشاء اللہ تمہارے لئے یہ شادی با برکت ہوگی۔“ بھائی صاحب بیان کیا کرتے ہیں کہ حضور کے یہ الفاظ سن کر میں نے اس تجویز پر شرح صدر کا اظہار کیا اور اس کے بعد میری اس بیوی نے ہماری طویل رفاقت میں مجھے اس طرح آرام پہنچایا اور میری اتنی خدمت کی اور میرے لئے ایسی بابرکت ثابت ہوئی کہ میں بیان نہیں کر سکتا۔بہر حال مرحومہ ( جو خانصاحب مولوی فرزند علی صاحب اور مولوی فضل دین صاحب وکیل کی ساس تھیں ) ایک بہت نیک اور بے نفس اور خدمت گذار خاتون تھیں۔اللہ تعالیٰ انہیں اپنے فضل و رحمت کے سایہ میں جگہ دے۔اور محترمی بھائی صاحب اور مرحومہ کی اولاد اور دیگر عزیزوں کا حافظ و ناصر ہو۔آمین ( مطبوعه الفضل ۲۶ جنوری ۱۹۵۰ء)