مضامین بشیر (جلد 2)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 444 of 1110

مضامین بشیر (جلد 2) — Page 444

مضامین بشیر ۴۴۴ قادیان کے متعلق تازہ اطلاع خدا کے فضل سے سب دوست بخیریت ہیں قادیان کی تازہ ڈاک سے معلوم ہوا ہے کہ سب دوست وہاں خیریت سے ہیں اور قادیان کے جلسہ سالانہ کے لئے تیاری کر رہے ہیں۔یہ جلسہ انشاء اللہ حسب سابق دسمبر کے آخری ہفتہ میں ہوگا۔قادیان کے دوستوں نے حکومت مشرقی پنجاب سے درخواست کی ہے کہ وہ قادیان کے جلسہ میں شرکت کے لئے ہندوستان کے ایک سو احمدیوں کو اجازت دے۔یعنی ان کے سفر آمد اور واپسی کے لئے حفاظت کا ضروری انتظام کرے۔اگر یہ انتظام ہو گیا تو پھر قادیان کے دوستوں کی طرف سے ہندوستان کی مختلف جماعتوں کو دعوت دی جائے گی کہ اس اس تعداد میں اپنے نمائندے منتخب کر کے قادیان بھجوا دیں۔لیکن جب تک ایسی دعوت نہ آئے اور حکومت کی طرف سے حفاظت کا پختہ انتظام نہ ہو اس وقت تک انڈین یونین کے کسی احمدی دوست کو ایسی تیاری نہیں کرنی چاہیئے۔کیونکہ ابھی تک رستہ مخدوش ہے۔قادیان سے یہ بھی اطلاع آئی ہے کہ گزشتہ ہفتے ضلع گورداسپور کے ڈپٹی کمشنر صاحب اور کپتان پولیس صاحب قادیان گئے اور ہمارے دوستوں سے ملکر حالات وغیرہ دریافت کرتے رہے۔اس موقع پر ہمارے دوستوں نے ڈی سی صاحب کو بتایا کہ قادیان کے سکھوں نے خاندان حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا ایک مملو کہ مکان گرا کر اپنے ساتھ والے گوردوارہ میں شامل کر لیا ہوا ہے۔اور متعلقہ افسروں کو بار بار توجہ دلانے کے باوجود اس معاملہ میں ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ڈی سی صاحب نے وعدہ کیا کہ میں مقامی مجسٹریٹ کو ہدایت دے جاؤں گا کہ وہ اس بارہ میں فوری اور موثر کارروائی کریں۔یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ قادیان میں یہ ہدایت پہنچی ہے کہ جو کارخانے اور دوکا نہیں ابھی تک الاٹ نہیں ہوئی تھیں انہیں الاٹ کرنے کی سکیم بنا کر بالا افسروں کے پاس بھیجی جائے۔بہشتی مقبرہ کے متصل جانب غرب ایک قطعہ اراضی ہے جو کچھ تو صدرانجمن احمدیہ کی ملکیت ہے اور کچھ ہمارے خاندان کی ملکیت ہے اور اس کا کچھ حصہ مقبرہ بہشتی کے لئے وقف بھی ہو چکا ہے۔