مضامین بشیر (جلد 1)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 529 of 694

مضامین بشیر (جلد 1) — Page 529

۵۲۹ ایک بزرگ صحابی کا وصال اور اس پر میرے بعض تأثرات اظہار ہمدردی کرنے والوں کا شکریہ مضامین بشیر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پُرانے اور ممتاز صحابی اور میرے خسر حضرت مولوی غلام حسن خان صاحب پشاوری کی وفات کی خبر احباب تک پہنچ چکی ہے۔اور اس بارہ میں بعض مضامین اور اشعار بھی الفضل میں شائع ہو چکے ہیں اور شاید اس کے بعد اس موضوع پر کچھ اور لکھنے کی ضرورت نہ سمجھی جائے مگر اس قریبی رشتہ کی وجہ سے جو مجھے حضرت مولوی صاحب مرحوم کے ساتھ تھا اور ان کثیر التعداد خطوط و پیغام ہائے تعزیت کی وجہ سے جو مجھے اس بارہ میں موصول ہوئے ہیں اور پھر ان مخصوص حالات کی وجہ سے جن کے ماتحت حضرت مولوی صاحب کی وفات ہوئی ہے۔میں ضروری خیال کرتا ہوں کہ مختصر طور پر اپنے بعض تأثرات کا اظہار کروں۔سب سے پہلے میں ان عزیزوں اور دوستوں اور بزرگوں کا دلی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس موقع پر زبانی طور پر یا خطوں اور تاروں کے ذریعہ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔کہتے ہیں کہ انسان دوسرے کے غم کو بانٹ نہیں سکتا اور یہ ایک لحاظ سے درست بھی ہے مگر خالق فطرت نے انسانی سرشت میں کچھ ایسا مادہ ودیعت کیا ہے کہ وہ غم کے اوقات میں اپنے عزیزوں اور دوستوں کی ہمدردی سے تسکین پاتا ہے اور اس میں کیا شبہ ہے کہ اس طرح اس کے غم میں بڑی حد تک کمی آجاتی ہے۔پس میں ان سب بہنوں اور بھائیوں کا شکر یہ ادا کرتا ہوں۔اور ان کے لئے دل سے دعا گو ہوں جنہوں نے اس موقع پر میرے ساتھ یا میری رفیقہ حیات اُم مظفر احمد کے ساتھ قولاً یا فعلاً ہمدردی کا اظہار کر کے ہمارے لئے تسکین تشفی کا سامان مہیا کیا ہے۔فجزاهم الله احسن الجزاء في الدنيا والأخرة