حضرت مولانا برہان الدین صاحب جہلمی ؓ — Page iv
پیش لفظ سید نا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ کی زندگیوں میں ایک غیر معمولی روحانی انقلاب اور پاکیزگی اور دین کے لئے اور اللہ اور اس کے رسول کے لئے غیرت اور جوش و جذ بہ نظر آتا ہے۔اور ان کی زندگیاں ہمارے لئے رہنما ہیں۔اگر ہم بھی ان بزرگوں کی سیرت کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھال لیں تو انہی غیر معمولی برکات کے وارث بن سکتے ہیں جو ہمیں ان کی زندگیوں میں نظر آتی ہیں۔صحابہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام میں سے ایک بہت ہی قابل فخر وجود محترم حضرت مولوی برھان الدین صاحب جہلمی ہیں۔جن کی پاک سوانح ہمارے لئے ترقی ایمان کا موجب ہے۔آپ گھڑ قوم جو علاقہ کی معزز قوم تھی اور مذہبی شہرت کے حامل خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔امام الزمان حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور بستی قادیان سے بے انتہا محبت کرنے والے اور خالصہ دین کی خدمت کرنے والے وجود تھے۔آپ کی وفات حضور کی زندگی میں ہی ہوگئی۔لیکن اس عرصہ میں آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور اس سلسلہ کی ایسی خدمات کی توفیق پائی اور ایسا روحانی مقام حاصل کیا کہ آپ کا شمارا کا برصحابہ میں ہوا۔آپ کی وفات سے قبل حضرت مسیح پاک کو الہام ہوا کہ دو شہتیر ٹوٹ گئے۔حضرت اقدس علیہ السلام نے ایک شہتیر آپ کو ٹھہرایا اور دوسرے حضرت عبد الکریم صاحب سیالکوٹی۔ان دو بزرگان کی وفات کے بعد حضرت مسیح موعود کو سلسلہ کی خدمت کرنے والے ایسے وجود تیار کرنے کے لئے شاخ دینیات کا آغاز کرنے کا خیال پیدا ہوا۔