مشعل راہ (جلد اوّل)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 711 of 901

مشعل راہ (جلد اوّل) — Page 711

711 خدام الاحمدیہ کا مقصد یہ ہے کہ نوجوان یورپ کی چمک سے مرعوب نہ ہوں۔پس خدام الاحمدیہ کو اس لئے قائم کیا گیا ہے کہ وہ اسلام کے مقصد کو اپنے سامنے رکھیں تا یورپ کے اثرات اور روس کے اثرات اور دوسرے ہزاروں اثرات ان کی نگاہ میں حقیر نظر آنے لگیں اور وہ سمجھیں کہ حقیقی عزت اُس کام میں ہے جو خدا نے ان کے سپر د کیا ہے۔اس کے بعد انصار اللہ مقرر ہیں تا کہ جو خدام میں سے نکل کر ان میں شامل ہو وہ اس کی حفاظت کریں۔تمہاری مثال ایسی ہے جو بور کی حفاظت کرتا ہے اور انصار اللہ کی مثال ایسی ہے جیسے کوئی بڑے پھل کی نگہداشت کرتا ہے۔جہاں تک خدام الاحمدیہ کا سوال ہے وہ بہت چھوٹی بنیاد سے اٹھے اور بڑھ گئے مگر مجھے افسوس ہے کہ انصار اللہ نے اپنی تنظیم نہیں کی حالانکہ ان کی ترقی کے امکانات زیادہ اور ان کے خطرات کم تھے۔لالچیں اور حرمیں زیادہ تر نوجوانی میں پیدا ہوتی ہیں۔بڑھاپے میں انسانی کیریکٹر راسخ ہو جاتا ہے اور اس کا قدم آسانی سے ڈگمگا نہیں سکتا۔بہر حال خدام نے خوش کن ترقی کی ہے مگر اس کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ خدام الاحمدیہ کا دفتر اپنے پاس ایک چارٹ رکھے جس میں یہ دکھایا جائے کہ مجلس کی اس وقت تک کتنی انجمنیں ہیں۔کس کس جگہ اس کی شاخیں قائم ہیں اور دوران سال ان انجمنوں نے کتنی ترقی کی ہے۔اگر اس قسم کا ایک چارٹ موجود ہو تو اس کے دیکھتے ہی فورا پتہ لگ سکتا ہے کہ خدام الاحمدیہ ترقی کر رہے ہیں یا گر رہے ہیں۔میں نے دیکھا ہے صدرا نجمن احمدیہ کی شاخیں ہمیشہ چھ اور سات سو کے در میان چکر کھاتی رہتی ہیں اور اس تعداد میں کبھی اضافہ نہیں ہوا۔اس کی وجہ در حقیقت یہی تھی کہ کوئی ایسا محکمہ نہیں تھا جو اس امر کی نگرانی کرتا اور دیکھتا کہ انجمنیں کیوں ترقی نہیں کر رہیں۔خدام الاحمدیہ کو اپنی ترقی کاریکارڈ رکھنا چاہئے۔پس ہر سال ایک چارٹ تیار کیا جایا کرے اور پھر اس چارٹ پر شورٹی میں بحث ہو کہ فلاں جگہ کیوں کمی آگئی ہے یا فلاں جگہ جو زیادتی ہوئی ہے وہ کافی نہیں اس سے زیادہ تعداد ہونی چاہئے تھی یا اگر پچھلے سال خدام الاحمدیہ کے ایک ہزار ممبر تھے تو اس سال بارہ سو کیوں نہیں ہوئے۔اس وقت دنیا کی آبادی بڑھ رہی ہے اور احمدی بھی خدا تعالیٰ کے فضل سے بڑھ رہے ہیں ، باہر سے آنیوالوں کے ذریعہ سے بھی اور نسل کی ترقی کے ذریعہ سے بھی۔پس خدام الاحمدیہ کی تعداد ہر سال پچھلے سال سے زیادہ ہونی چاہئے۔اگر یہ چارٹ سالانہ اجتماع پر لگا ہوا ہو تو باہر سے آنے والے خدام کو بھی اس طرف توجہ ہو سکتی ہے۔اس کے بعد جب بیرونی مجالس میں توجہ پیدا ہو تو اس قسم کا چارٹ چھپوا دیا جائے۔اس چارٹ میں مختلف خانے بنے ہوئے ہوں جن میں مجالس کی ابتداء سے لے کر موجودہ وقت تک کے تمام سالوں کی درجہ بدرجہ ترقی یا تنزل کا ذکر ہو۔اگر تم اس طرح کرو تو یقینا تم کسی جگہ ٹھہرو گے نہیں۔