مشعل راہ جلد سوم

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 438 of 751

مشعل راہ جلد سوم — Page 438

438 ارشادات حضرت خلیفہ المسیح الرابع رحم اللہ تعالیٰ مشعل راه جلد سوم ہیں اس رنگ میں رابطے استوار کریں کہ وہ باقاعدہ منصوبے کے مطابق رابطے بنائے گئے ہوں۔اور ان کا مقصد یہ ہو کہ ( دین حق ) نوجوانوں کو جو طمانیت کی دولت بخشتا ہے، ( دین حق ) نو جوانوں میں جو قوت عمل عطا کرتا ہے اور اس قوت کے عملی نتیجے میں ( مومن ) نوجوان جس طرح ایک اعلیٰ روحانی لذت پاتے ہیں وہ نمونے کے طور پر ان کو دکھائی جائیں اور ان کو بتایا جائے کہ اصل دائمی زندگی یہی ہے۔اور باقی باتیں جن کی تم پیروی کرتے ہو عارضی اور فانی اور بے حقیقت ہیں۔پس میں امید رکھتا ہوں کہ خدام الاحمدیہ جرمنی جس کے متعلق میں نے پہلے بھی اظہار کیا ہے خدا کے فضل سے بڑی مستعد بڑی مخلص بڑی فعال جماعت ہے اور خدا تعالیٰ نے آپ کو قوت عمل کے نہ ختم ہونے والے ذخیرے عطا فرمائے ہوئے ہیں۔ان ذخیروں سے با قاعدہ تنظیم کے مطابق جیسا کہ میں نے ذکر کیا ہے آپ استفادہ کریں اور دعا بھی کرتے رہیں تا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو ہمیشہ موثر رکھے اور متاثر نہ بنائے۔ماحول میں بعض خوبیاں بھی ہیں ان کے متعلق میں آئندہ خطاب میں آپ سے بات کروں گا۔میں ضمناً ان کا ذکر کروں گا لیکن اس سے پہلے گذشتہ خطابات میں میں یہ بات کھول چکا ہوں کہ یہ بات جھوٹی اور غلط ہے کہ گویا ہم ہی خوبیوں کے مالک ہیں اور باقی لوگ خوبیاں نہیں رکھتے۔آپ کے ماحول میں دوسری تنظیمیں جو آپ سے روابط اختیار کریں گی ، ان میں خوبیاں بھی پائی جاتی ہیں۔پس آپ جب یہ روابط قائم کریں گے تو ان کی خوبیوں پر نظر رکھتے ہوئے یہ بھی کوشش کریں کہ آئندہ جب وہ آپ سے ملیں تو اپنی بہت سے خوبیاں آپ کے اندر پائیں اور آپ کی خوبیوں میں اضافہ ہوتا ہوا دیکھیں اور پھر جب وہ آپ سے دوبارہ ملیں تو پھر آپ کی خوبیوں میں اضافہ ہوتا ہوا دیکھیں۔یہاں تک کہ ان کی خوبیوں کے بھی آپ ہی علمبردار بن جائیں اور اپنی خوبیوں کے بھی آپ ہی علمبردار بن جائیں اور حسن کے ایک ایسے اعلیٰ مقام پر فائز ہو جائیں جو اپنے ماحول کو عاشق بنادیا کرتا ہے۔پس یہ عشق اور محبت ہے جو دنیا کے دلوں پر فتح یاب ہوگی۔محض تقریریں اور محض نظریات غالب نہیں آیا کرتے بلکہ دلوں کو مائل کرنا بہت ضروری ہے اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔آمین