مشعل راہ جلد سوم

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 389 of 751

مشعل راہ جلد سوم — Page 389

مشعل راه جلد سوم 389 ارشادات حضرت خلیفتہ المسیح الرابع رحم اللہ تعالی اپنی اولاد کی بے دینی کا دکھ حوصلہ یہ ہے کہ دکھ محسوس کریں اور دکھ کے ساتھ رہیں اور اس دکھ کو برداشت کر کے پھر اخلاق کا ثبوت دیں۔اگر آپ ان کمزوریوں کو دیکھیں اور آپ کی روح بے چین نہ ہو جائے تو خدا کی قسم آپ حوصلے والے نہیں آپ مُردہ ہو چکے ہیں تکلیف کی آزمائش کے وقت حوصلہ دکھانا اور اُن محرکات کے وقت غصے کو قابو میں رکھنا جبکہ انسان لا ز ما طیش کا شکار ہو جاتا ہے اس کو حوصلہ کہتے ہیں اور تربیت کے لئے اس حوصلے کی ضرورت ہے۔حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک دلگد از واقعہ حضرت اقدس محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق ایک ایسے صحابی روایت کرتے ہیں جو ایک لمبے عرصے تک اسلام سے غافل رہے اور صحرا میں انہوں نے پرورش پائی اس لئے شہروں کے آداب اور اخلاق واطوار سے وہ نا واقف تھے۔وہ کہتے ہیں کہ جب میں پہلی دفعہ مدینے میں حاضر ہوکر مسلمان ہوا، تو مجھے نہ تو شہری تہذیب و تمدن کا کوئی حال معلوم تھا نہ نماز کے آداب سے کوئی واقفیت تھی چنانچہ نماز کے دوران میں نے ایسی حرکتیں کیں جو نماز میں نمازی کو زیب نہیں دیتیں وہ کہتے ہیں کہ جب نماز ختم ہوئی تو اردگرد سے صحابہ کی نظریں مجھ پر اس طرح پڑیں جیسے مجھے کھا جائیں گی کیونکہ حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم امام تھے اور وہ جانتے تھے کہ آپ کی نماز میں یہ حرکتیں خلل انداز ہوئی ہیں اور یہ چیز وہ برداشت نہیں کر سکتے تھے وہ صحابی کہتے ہیں میں نے محسوس کیا کہ جیسے وہ خونی آنکھوں سے مجھے دیکھ رہے ہیں کہ یہ کیا خبیثانہ حرکتیں میں نے کیں۔وہ کہتے ہیں میں نے خوف محسوس کیا لیکن اچانک میری نظر حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم کے چہرے پر پڑی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھوں میں پیار بھرا ہوا تھا۔ایسی محبت تھی ایسی شفقت تھی کہ جیسے ماں بہت ہی پیار کی حالت میں اپنے بچے کو دیکھ رہی ہو۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا دیکھو نماز میں یوں نہیں کیا کرتے ، یوں کیا کرتے ہیں۔آؤ میں تمہیں بتاؤں کہ نماز کس طرح پڑھا کرتے ہیں۔ایسی ایک نہیں دو نہیں بیسیوں مثالیں ہیں کہ بڑوں سے بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حوصلے کا ثبوت دیا۔بڑوں کے ساتھ بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے شفقت اور حلم کا سلوک کیا اور چھوٹوں کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک فرمایا۔جاہلوں کے ساتھ بھی عالموں کے ساتھ بھی۔یہ وہ مربی ہے جو ساری دنیا کو زندہ کرنے پر مامور فرمایا گیا تھا۔