مشعل راہ جلد سوم

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 221 of 751

مشعل راہ جلد سوم — Page 221

221 ارشادات حضرت خلیفہ المسیح الرابع رحم اللہ تعالیٰ مشعل راه جلد سوم پھر نصیحت کرتا ہوں کہ جہاں تک خلافت کے ساتھ محبت کا تعلق ہے اس کا اظہار بے شک کریں میں خود اس دور سے گذر چکا ہوں۔میرا اپنا بھی یہی جذبہ تھا میری بھی یہی کیفیت تھی اور اب بھی ہے۔جو آپ کی ہے۔ان جذبات میں تو کوئی مبالغہ نہیں ہے یہی ہونا چاہیے کیونکہ اللہ تعالیٰ کا ایک بہت بڑا انعام ہے جود نیا کو ایک لمبے عرصہ کی محرومی کے بعد دوبارہ عطا ہوا ہے۔اس لئے اس کو ہرگز مبالغہ نہیں کہتا۔خلافت سے محبت وعقیدت کے جذبات کو، مگر میں یہ بھی کہتا ہوں کہ جذبات محبت کو حقیقت بھی تو بننا چاہیے۔صرف دلوں کے ساتھ کھیلنے والے جذبات نہیں ہونے چاہئیں۔خدام الاحمدیہ کا عہد اور اس کے تقاضے صرف نظریات میں بسنے والے جذبات نہیں ہونے چاہئیں بلکہ تمام عہدیداران کی یہ کوشش ہونی چاہیے کہ ہر احمدی کے قربانی کے معیار کو بلند کیا جائے اور جب اس کا دل کسی تقاضے سے گھبرائے تو اس کو کچوکا دیا کریں۔ان کو جگایا کریں اس سے پوچھا کریں کہ تم یہ جو باتیں کرتے ہو کہ ہم یہ کریں گے وہ کریں گے اور ہر دفعہ عہد دہراتے ہوئے کہتے ہو کہ میں جان۔مال۔وقت اور عزت کو قربان کرنے کے لئے ہر دم تیار رہوں گا تو کیا یہ دم وہ دم نہیں ہے جس دم کے تم نے وعدے کئے تھے۔کیا یہ عزت وہ عزت نہیں ہے۔کیا یہ مال وہ مال نہیں ہے جسے قربان کرنے کے لئے تم نے عہد کیا تھا؟ حقیقت یہ ہے کہ عزتوں کی قربانی میں بھی معیار بہت کمزور ہے کیونکہ بہت باتوں پر لوگ بڑی جلدی سیخ پا ہو کر شکایتیں بھیجتے رہتے ہیں کہ یوں ہماری عزت میں فرق پڑ گیا۔فلاں نے اسطرح سے سلوک کیا۔فلاں نے یوں کیا۔حالانکہ زندگی کی یہ ساری باتیں ہمارے عہد کے اندر داخل ہیں۔یہ باتیں ہوتی رہتی ہیں۔اگر کسی عہد یدار کی غلطی سے کسی کی بظاہر بے عزتی بھی ہو جائے تب بھی جس نے یہ عہد کر رکھا ہے کہ میرا رہا ہی کچھ نہیں سب کچھ اللہ کی راہ میں قربان ہے شکایت تو بعد میں کر دے تاکہ زیادتی کرنے والے کی اصلاح ہو جائے لیکن اپنا صدمہ اس کو نہیں ہونا چاہیے۔کیونکہ جس کے دل میں سچا ایمان اور خلوص ہوتا ہے وہ بہر حال اس یقین پر قائم ہوتا ہے کہ جتنا میں کسی کی غلطی سے گرایا گیا ہوں اتنا اللہ کی نظر میں اٹھایا گیا ہوں اور خدا کی نظر میں میرا مرتبہ بڑھ چکا ہے۔یہ ہے وہ حقیقت حال جس کے ساتھ خدام کو زندہ رہنا چاہیے۔