مسیح کشمیر میں

by Other Authors

Page vi of 128

مسیح کشمیر میں — Page vi

ابواب پر ہی اکتفا فرمایا۔ان ابواب میں آپ نے انجیل، قرآن وحدیث، کتب طب اور تاریخی کتب کی شہادتوں سے مسیح کی صلیبی موت سے نجات اور انکی ہجرت کشمیر اور طبعی وفات کو ثابت فرمایا ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تصنیف تالیف مسیح ہندوستان میں سے راہنمائی لیتے ہوئے اس اہم تحقیقی کام پر اپنوں اور غیروں نے خامہ فرسائی کی اور اب بھی یہ تحقیقی سلسلہ جاری ہے اور نئے سے نئے شواہد مسیح کی صلیبی موت کے عقیدہ اور انکے آسمان پر چلے جانے کے عقیدہ کا بطلان کر رہے ہیں۔سلسلہ احمدیہ کے جن نامور علماء کو اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی اس تحقیق کو آگے بڑھاتے ہوئے قلم اٹھانے کی توفیق عطا فرمائی ان میں بطور خاص حضرت مفتی محمد صادق صاحب، حضرت مولانا جلال الدین شمس صاحب، خواجہ نذیر احمد صاحب آف لاہور، شیخ عبدالقادر صاحب محقق اور مولانا اسداللہ قریشی کا شمیری صاحب قابل ذکر ہیں۔انکے علاوہ بھی علماء سلسلہ کے مضامین جماعتی اخبارات و رسائل کی زینت بنتے رہے ہیں اور آج بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔زیر نظر کتاب «مسیح کشمیر میں محترم مولانا محمداسد اللہ قریشی کا شمیری مربی سلسلہ کی تالیف ہے جو پہلے ایک مضمون کی صورت میں تھی نظر ثانی کے بعد نظارت اشاعت ربوہ نے 1978 ء میں اسے کتابی صورت میں شائع کیا جس میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تحقیق کی تائید میں ان شواہد کو بھی شامل کر لیا گیا جو حضرت مسیح علیہ السلام کے عہد کے بعد سے تا تصنیف کتاب ہذا منظر عام پر آئے۔خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ پاکستان کی قیادت اشاعت ایک عرصہ سے نادر ونایاب اور مفید کتب سلسلہ کی اشاعت نو کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے تا ان کے مطالعہ سے احباب جماعت کی علمی ترقی ہو اور وہ تحقیق و تصنیف کے کام میں آگے آکر سلطان القلم کے معین و مددگار بن سکیں۔اسی مقصد کیلئے اس کتاب کی طبع دوم نظارت اشاعت ربوہ کی اجازت سے پیش خدمت ہے۔اللہ تعالیٰ قبول فرمائے اور اس نیک کاوش کے مفید نتائج پیدا فرمائے۔آمین