ملفوظات (جلد 9) — Page 232
دل مسخ ہوگیا ہے۔مسیلمہ کذاب کی طرح پہلے مانا پھر انکار کر دیا۔خَتَمَ اللّٰهُ عَلٰى قُلُوْبِهِمْ (البقرۃ:۸) کے بھی یہی معنے ہیں۔مسیلمہ کذاب کی تو پہلے نظیر بھی موجود تھی مگر اس کی تو نظیر بھی کوئی نہیں۔۱ بلاتاریخ بسم اللہ کی رسم ایک شخص نے بذریعہ تحریر عرض کی کہ ہمارے ہاں رسم ہے کہ جب بچے کو بسم اللہ کرائی جاوے تو بچے کو تعلیم دینے والے مولوی کو ایک عدد تختی چاندی یا سونے کی اور قلم و دوات چاندی یا سونے کی دی جاتی ہے۔اگرچہ میں ایک غریب آدمی ہوں مگر چاہتا ہوں کہ یہ اشیاء اپنے بچے کی بسم اللہ پر آپ کی خدمت میں ارسال کروں۔حضرت نے جواب میں تحریر فرمایا۔تختی اور قلم و دوات سونے یا چاندی کی دینا یہ سب بدعتیں ہیں ان سے پرہیز کرنا چاہیے اور باوجود غربت کے اور کم جائیداد ہونے کے اس قدر اسراف اختیار کرنا سخت گناہ ہے۔جماعت جمعہ سوال پیش ہوا کہ کہ نماز جمعہ کے واسطے اگر کسی جگہ صرف ایک دو مرد احمدی ہوں اور کچھ عورتیں ہوں تو کیا یہ جائز ہے کہ عورتوں کو جماعت میں شامل کر کے نماز جمعہ ادا کی جائے؟ حضرت نے فرمایا کہ جائز ہے۔دریائی جانوروں کی حلّت کا اصول سوال پیش ہوا کہ دریائی جانور حلال ہیں یا نہیں؟ فرمایا۔دریائی جانور بے شمار ہیں۔ان کے واسطے ایک ہی قاعدہ ہے جو خدا تعالیٰ نے قرآن شریف میں فرما دیا ہے کہ جو ان میں سے کھانے میں طیّب، پاکیزہ اور مفید ہوں ان کو کھا لو دوسروں کو مت کھاؤ۔ناول نویسی و ناول خوانی حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی خدمت میں ایک سوال پیش ہوا کہ ناولوں کا لکھنا اور پڑھنا کیسا ہے؟ فرمایا کہ ناولوں کے متعلق وہی حکم ہے جو آنحضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اشعار کے متعلق فرمایا ہے کہ حَسَنُہٗ حَسَنٌ وَ قَبِیْحُہٗ قَبِیْحٌ اس کا اچھا حصہ اچھا ہے اور قبیح قبیح ہے۔اعمال