ملفوظات (جلد 9)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 176 of 412

ملفوظات (جلد 9) — Page 176

شہید نہیں ہوا۔نہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم شہید ہوئے۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایسے جنگ میں شہادت میں اعلیٰ درجہ کے لوگ شامل نہیں ہوتے اسی طرح طاعون میں بھی اگر ہماری جماعت کا کوئی آدمی گرفتار ہوجائے تو یہ اس کے واسطے شہادت ہے اور خدا تعالیٰ اس کا اس کو اجر دے گا۔عیسیٰ علیہ السلام کا بن باپ ہونا قرآن سے ثابت ہے ایک شخص کا سوال پیش ہوا کہ کیا یہ ضروری ہے کہ مسیح کو بن باپ مانا جائے؟ فرمایا۔قرآن شریف سے ایسا ہی ثابت ہوتا ہے اور قرآن شریف پر ہم ایمان لاتے ہیں۔پھر قانونِ قدرت میں ہم اس کے برخلاف کوئی دلیل نہیںپاتے۔کیونکہ سینکڑوں کیڑے مکوڑے پیدا ہوتے رہتے ہیں جو نہ باپ رکھتے ہیں اور نہ ماں۔قرآن شریف میں جہاں اس کا ذکر ہے وہاں خدا تعالیٰ نے اپنی قدرت کے دو عجائب نمونوں کا ذکرکیا ہے۔اوّل حضرت زکریاؑ کا ذکر ہے کہ ایسی پیرانہ سالی میں جہاں کہ بیوی بھی بانجھ تھی خدا نے بیٹاپیدا کیا۔اور اس کے ساتھ ہی یہ دوسرا واقعہ ہے جو خدا تعالیٰ کی ایک اور قدرت عجیبہ کا نمونہ ہے۔اس کے ماننے میں کون سا ہرج پیدا ہوتا ہے۔قرآن مجید کے پڑھنے سے ایسا ہی ثابت ہوتا ہے کہ مسیح بن باپ ہے اور اس پر کوئی اعتراض نہیں ہو سکتا۔خدا تعالیٰ نے كَمَثَلِ اٰدَمَ جو فرمایا اس سے بھی ظاہر ہے کہ اس میں ایک عجوبہ قدرت ہے جس کے واسطے آدم کی مثال کا ذکر کرنا پڑا۔شہید کا جنازہ فرشتے پڑھتے ہیں ذکر تھا کہ بعض جگہ چھوٹے گاؤں میں ایک ہی احمدی گھر ہے اور مخالف ایسے متعصب ہیں کہ وہ کہتے ہیں کہ اگر کوئی احمدی مَر جائے گا تو ہم جنازہ بھی نہ پڑھیں گے۔حضرت نے فرمایا کہ ایسے مخالفوں کا جنازہ پڑھا کر احمدی نے کیا لینا ہے۔جنازہ تو دعا ہے جو شخص خود ہی خدا کے نزدیک مَغْضُوْبِ عَلَيْهِمْ میں ہے اس کی دعا کا کیا اثر ہے؟ احمدی شہید کا جنازہ خود فرشتے پڑھیں