ملفوظات (جلد 8)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 223 of 389

ملفوظات (جلد 8) — Page 223

غرض آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کی ضرورت ایسی واضح اور روشن ہے کہ کسی دوسرے نبی کا زمانہ ایسی نظیر نہیں رکھتا۔اب دوسرا حصہ دیکھو کہ آپ فوت نہیں ہوئے جب تک اَلْيَوْمَ اَكْمَلْتُ لَكُمْ دِيْنَكُمْ (المائدۃ: ۴) کی آواز نہیں سن لی۔اور اِذَا جَآءَ نَصْرُ اللّٰهِ وَ الْفَتْحُ وَ رَاَيْتَ النَّاسَ يَدْخُلُوْنَ فِيْ دِيْنِ اللّٰهِ اَفْوَاجًا(النصـر:۲،۳) کا نظارہ آپ نے نہیں دیکھ لیا۔یہ آیت نہ توریت میں ہے نہ انجیل میں۔توریت کا تو یہ حال ہے کہ موسیٰ علیہ السلام راستہ ہی میں فوت ہوگئے اور قوم کو وعدہ کی سر زمین میں داخل نہ کر سکے۔حضرت عیسیٰ علیہ السلام خود کہتے ہیں کہ بہت ہی باتیں بیان کرنے کی تھیں۔کیا قرآن شریف میں بھی ایسا لکھا ہے؟ وہاں تو اَكْمَلْتُ لَكُمْ ہے۔رہی ان کی تکمیل۔صحابہؓ کی جو تکمیل آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے کی وہ اس سے ظاہر ہے کہ اللہ تعالیٰ خود ان کی نسبت فرماتا ہے مِنْهُمْ مَّنْ قَضٰى نَحْبَهٗ الآیۃ۔(الاحزاب:۲۴) اور پھر ان کی نسبت رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهُمْ وَ رَضُوْا عَنْهُ(البیّنۃ:۹) فرمایا۔لیکن انجیل میں مسیح کے حواریوں کی جو تعریف کی گئی ہے وہ سب کو معلوم ہے کہ جا بجا ان کو لالچی اور کم ایمان کہا گیا ہے اور عملی رنگ ان کا یہ ہے کہ ان میں سے ایک نے تیس روپیہ لے کر پکڑوا دیا۔اور پھر ایک نے سامنے لعنت کی۔انصاف کر کے کہو کہ یہ کیسی تکمیل ہے۔اس کے بالمقابل قرآن شریف صحابہؓ کی تعریف سے بھرا پڑا ہے۔اور ان کی ایسی تکمیل ہوئی کہ دوسری کوئی قوم ان کی نظیر نہیں رکھتی۔پھر ان کے لیے اللہ تعالیٰ نے جزا بھی بڑی دی۔یہاں تک کہ اگر باہم کوئی رنجش بھی ہوگئی تو اس کے لیے فرمایا وَ نَزَعْنَا مَا فِيْ صُدُوْرِهِمْ مِّنْ غِلٍّ الآیۃ (الـحجر:۴۸) حضرت عیسیٰ نے بھی حواریوں کو تختوں کا وعدہ دیا تھا مگر وہ ٹوٹ گیا۔کیونکہ بارہ تختوں کا وعدہ تھا مگر یہودا اسکریوطی کا ٹوٹ گیا جب وہ قائم نہ رہا تو اوروں کا کیا بھروسہ کریں۔مگر صحابہؓ کے تخت قائم رہے۔دنیا میں بھی رہے اور آخرت میں بھی۔غرض یہ آیت اَلْيَوْمَ اَكْمَلْتُ لَكُمْ مسلمانوں کے لیے کیسے فخر کی بات ہے۔لیلۃ القدر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کا زمانہ اب ان باتوں کو ملا کر غور کرو کہ آپ آئے