ملفوظات (جلد 3) — Page 393
زندوں کا توسّل جائز ہے بعد ادائے نمازمغرب حضرت اقدسؑ مسجد کے گوشہ میں ہو بیٹھے۔ایک سوال پوچھا گیا کہ آیا دعا کے بعد یہ کلمات کہنے کہ یا الٰہی تو میری دعا کو بطفیل حضرت مسیح موعود ؑ قبول فرما۔جائز ہے یا نہیں؟ حضرتؑ نے فرمایا کہ شریعت میں توسّلِ احیاء کا جواز ثابت ہوتا ہے بظاہراس میں شرک نہیں ہے ایک حدیث میں بھی ہے۔۱ لفظ اٰوٰی کی حقیقت فرمایا۔قرآنی آیات سے پتہ لگتا ہے کہ اٰوٰی کا لفظ یہ چاہتا ہے کہ اوّل کوئی مصیبت واقع ہو۔اسی طرح اِنَّہٗ اٰوَی الْقَرْیَۃَ چاہتا ہے کہ ابتدا میں خوفناک صورتیں ہوں۔اصحاب کہف کی نسبت یہی ہے فَاْوٗۤا اِلَى الْكَهْفِ (الکہف : ۱۷) اور اَور جگہ وَاٰوَيْنٰهُمَاۤ اِلٰى رَبْوَةٍ (المومنون : ۵۱) ان تمام مقامات سے یہی مطلب ہے کہ قبل اس کے کہ خدا آرام دیوے مصیبت اور خوف کا نظارہ پیدا ہوجاوے اور لَوْ لَا الْاِکْرَامُ لَھَلَکَ الْمُقَامُ بھی اس کے ساتھ ملتا ہے۔اوائل عمر کی بیعت ایک لڑکے کی بیعت کے ذکر پر فرمایا کہ اوائل عمر کے لوگوں کی بیعت میں مجھے بہت تردّد ہوتا ہے جب تک انسان کی عمر چالیس برس کی نہ ہو تب تک ٹھیک انسان نہیں ہوتا۔اوائل عمر میں تلوّن ضرور آتے ہیں میرا ارادہ نہیں ہوتا کہ ایسی حالت میں بیعت لوں مگر بدیں خیال کہ دل آزردگی ہوتی ہے بیعت کر لیتا ہوں۔انسان جب چالیس برس کا ہوتا ہے تو اسے موت کا نظارہ یاد آتا ہے اور جس کے قریب ابھی موت کا خوف ہی نہیں اس کا کیا اعتبار۔