ملفوظات (جلد 3) — Page 205
کو مل جائیں گے۔طاعون شروع ہو گئی ہے اور وہ ابھی ہنسی ٹھٹھا کرتے ہیں۔اس لیے تم ان باتوں کا ذکر ہی نہ کرو کہ گھر چھوٹ گئے ورنہ ثواب جاتا رہے گا۔طاعون کی اقسام طاعون کے ذکر پر فرمایا۔تین قسم کی طاعون ہے۔اوّل صرف تپ چڑھتا ہے اور گلٹی نکلتی ہے اور بعض ایسے ہیں کہ سخت تپ ہی ہوتا ہے۔اور بعض ایسی ہوتی ہے کہ نہ تپ ہے نہ کچھ اور بس خاتمہ ہی ہو جاتا ہے۔مچھلی کی ہڈی گلے میں پھنس جانے کا علاج جناب نواب صاحب کے لڑکے کے گلے میںایک ہڈی کا ٹکڑا پھنس گیا تھا۔مولوی صاحب اس کے علاج کے لیے گئے ہوئے تھے۔جب نواب صاحب کے ساتھ واپس آئے تو اُنہوں نے ذکر کیا کہ ہڈی پھنس گئی تھی اور شکر ہے کہ نکل گئی۔فرمایا۔مچھلی کی ہڈی کا علاج تو سہل ہے کہ دہی سرکہ ملا کر پلایا جاوے تو فوراً نکل جاتی ہے۔اور فرمایا کہ خدا کا فضل قدم قدم پر انسان کو مطلوب ہے اگر اس کا فضل نہ ہو تو یہ جی نہیں سکتا۔مسیح موعود کا ذکر قرآن کریم میں مولوی عبد اﷲ صاحب کشمیری نے دھرم کوٹ میں جو اُن کامباحثہ ہوا تھا اس کامختصر ساتذکرہ کیا اور مہر نبی بخش صاحب بٹالوی کا بھی ذکر کیا کہ وہ وہاں آئے تھے اور انہوں نے ایک مختصر سی تقریر کی تھی۔مولوی عبداﷲ صاحب نے کہا کہ وہ بار بار یہ اعتراض کرتے تھے کہ مرزا صاحب کا نام قرآن سے نکال کر دکھائو اس پر حضرت اقدس نے فرمایا کہ وہ احمق نہیں جانتے کہ اگر خدا تعالیٰ ایسے صاف طور پر کہتا تو اختلاف کیوں ہوتا؟ یہودی اسی طرح تو ہلاک ہو گئے۔بات یہ ہے کہ اگر خدا اس طرح پر پردہ برانداز کلام کرے تو ایمان ایمان ہی نہ رہے۔فراست سے دیکھنا چاہیے کہ حق کیا ہے؟ہماری تائید میں تو اس قدر دلائل ہیں کہ فراست والا سیر ہو کر کہتا ہے کہ یہ صحیح ہے۔یاد رکھو کہ گفتگو کرتے وقت ضروری ہے کہ پہلے مذہب متعیّن کر لو۔