ملفوظات (جلد 3) — Page 172
بلاتاریخ سچے مذہب کے پیروئوں کے ساتھ خدا ہوتا ہے جو لوگ سچے مذہب کے پیرو ہوتے ہیں خدا تعالیٰ ان ہی کے ساتھ ہوتا ہے۔اُن کے اور اُن کے غیروں میں ایک امتیاز ہوتا ہے جو تائید وہ اسلام کی کرتا ہے وہ دوسروں کی نہیں کرتا۔اسلام کا خدا اپنے کلام کے ساتھ ایک شرف عطا کرتا ہے جو اور کسی کو نہیں ملتا اور اس طرح پر وہ قدرت کے نشان دکھاتا ہے اور کوئی ان کامقابلہ نہیں کر سکتا۔ہاں باتیں بنانے والے بہت ہو جاتے ہیں۔خدا تعالیٰ کی یہ عادت نہیں کہ انسان کے تابع ہو بلکہ چاہتا ہے کہ لوگ اس کے تابع ہوں۔بلاتاریخ آج ہمیں کوئی دکھائے کہ اسلام کے سوا کونسا مذہب ہے جو اﷲ اور اس کی مخلوق کے لیے پاک ہدایت کرتا ہے۔بلاتاریخ دنیا کی بے ثباتی اور مصائب دنیا ایسی ہے کہ یہ آرام کی جگہ نہیں بلکہ ایک خارستان ہے۔خوشی کی جگہ نہیں اس کے ساتھ آلام و اسقام لگے ہوئے ہیں۔ہمارے خاندان میں پچاس کے قریب آدمی تھے وہ قریباً سب کے سب خاک کے نیچے چلے گئے۔بچوں بیویوں میں ابتلا آتے ہیں۔اس سے بھی انسان کو سبق ملتا ہے۔اس پر دنیا کی بے ثباتی اور حقیقت منکشف ہو جاتی ہے۔انسان چونکہ دو محبتوں کامجموعہ ہے کیونکہ انسان اصل میں اُنسان ہے۔