ملفوظات (جلد 3)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 108 of 594

ملفوظات (جلد 3) — Page 108

مشہور مفتری مدّعی الیاس ڈوئی کا اخبار پڑھا گیا جو مفتی محمد صادق صاحب ایک عرصہ سے سنایا کرتے ہیں ڈوئی نے اپنے مخالف قوموں، بادشاہوں اور سلطنتوںکی نسبت پیشگوئی کی ہے کہ وہ تباہ ہوجائیں گے۔اس پر حضرت اقدس ؑ کی رگ غیرت و حمیّت دینی جوش میں آئی اور فرمایا کہ مفتری کذّاب اسلام کا خطرناک دشمن ہے۔بہتر ہے اُس کے نام ایک کھلا خط چھاپ کر بھیجا جاوے اور اس کو مقابلہ کے لیے بلایاجاوے۔اسلام کے سوا دنیامیں کوئی سچا مذہب نہیں ہے اور اسلام ہی کی تائید میں برکات اور نشان ظاہر ہوتے ہیں۔میرا یقین ہے کہ اگر یہ مفتری میرا مقابلہ کرے گا تو سخت شکست کھائے گا اور اب وقت آگیا ہے کہ خدا تعالیٰ اس کے افترا کی اس کو سزادے۔غرض یہ قرارپایا کہ ۷ ؍ اگست کو حضرت اقدس ؑ ایک خط اس مفتری کو لکھیں اور اسے نشان نمائی کے میدان میں آنے کی دعوت کریں۔یہ خط انگریزی زبان میں ترجمہ ہوکر مختلف اخبارات میں بھی شائع ہوگا اور بھیجا جاوے گا۔الہام نزول المسیح جو آج کل لکھ رہے ہیں۔اور پیر گولڑی کی کتاب سیف چشتیائی بھی زیر ِنظر ہے۔اس پر کسی قدر توجہ کرنے سے یہ الہام ہوا۔اِنِّیْ اَنَا رَبُّکَ الْقَدِیْرُ۔لَا مُبَدِّلَ۔لِکَلِمَاتِیْ۔۷ ؍ اگست ۱۹۰۲ء ۷؍اگست کی صبح کو حسب معمول سیر کو نکلے۔ایڈیٹر الحکم نے عرض کی کہ حضور امسال شکاگو کی طرز پر ایک مذہبی کانفرنس جاپان میں ہونے والی ہے۔جس میں مشرقی دنیا کے مذاہب کے سر کردہ ممبروں کا اجتماع ہو گا اور اپنے اپنے مذہب کی خوبیوں اور تائید پر لیکچر دئیے جائیں گے۔کیا اچھاہو اگر حضور کی طرف سے اس تقریب پر کوئی مضمون لکھا جاوے اور اسلام کی خوبیاں اس جلسہ میں پیش کی جاویں۔ہماری جماعت کی طرف سے کوئی صاحب جیسے مولوی محمد علی صاحب ہیں چلے جائیں۔جاپان کے مصارف بھی بہت نہیں ہیں اور جاپان والوں نے ہندوستانیوں کو دعوت کی ہے