مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 82
مکتوب نمبر۱۱ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ مکرمی محبیّ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچ کر موجب فرحت ومسرت ہوا یہ عاجز اس بات کے دریافت سے بہت خوش ہوا کہ آپ کو خدا تعالیٰ نے حسنِ ظن وذہن سلیم بخشا ہوا ہے خدا تعالیٰ آپ کو اس پر استقامت بخشے رسالہ ازالۂ اوہام چھپ رہا ہے شاید ایک ماہ تک چھپ کر شائع ہو جائے گا باقی دونوں رسالے فتح اسلام وتوضیح مرام آپ دیکھ چکے ہیں لیکن ازالہ اوہام اِنْشَائَ اللّٰہُ الْقَدِیْرُ تمام امور کا فیصلہ کرنے والا ہے۔بفضلِ اللہ تعالیٰ قریب بیس جزو کے ہو گا۔اِنْشَائَ اللّٰہُ الْقَدِیْرُ۔تمام مخالفین شکست کھائیں گے اور حق غالب ہو گا۔ ۱؎ یہ عاجز چند روز سے لُدھیانہ میں آگیا ہے شاید تین چار ماہ اسی جگہ رہوں ہمیشہ اپنے حالات خیریت آیات سے مطلع فرماتے رہیں۔٭ ۸؍مارچ ۱۸۹۱ء والسلام خاکسار غلام احمداز لدھیانہ محلہ اقبال گنج ۱؎ المجادلۃ : ۲۲ ٭ الحکم نمبر۲۹ جلد۷ مورخہ ۱۰؍اگست ۱۹۰۳ء صفحہ ۱۳