مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 502
مکتوب جھانسی سے ایک دوست کا خط حضرت کی خدمت میں آیا جس میں یہ دریافت کیا گیا تھا کہ ’’پیغمبر خدا صلی اللہ علیہ و سلم کا سایہ تھا یا کہ نہیں۔بعض کتابوں میں لکھا ہے کہ سایہ حضور پرُ نور کا زمین پر نہیں گرتا تھا‘‘ اس خط کے جواب میں حضرۃ نے تحریر فرمایا۔’’یہ امر کسی حدیث صحیح سے ثابت نہیں ہوتا اور نہ کسی ثقہ مورخ نے لکھا ہے جو معجزات محدّثین نے اپنی کتابوں میں جمع کئے ہیں ان میں اس کا ذکر نہیں‘‘۔٭ مرزا غلام احمد عفی اللہ عنہ --------------------- ایک شخص نے تحریر کیا کہ یہاں اور بہت لوگوں کو الہام ہوتا ہے مجھ کو خواب تک نہیں آتی۔آپ دعا کریں کہ مجھ کو بھی الہام ہوا کریں کیونکہ میری عمر کا ایک بہت بڑا حصہ اس میں گزرا ہے۔اس لئے کوئی ایسی بات بتائیں جس سے میری مراد پوری ہو جائے اس پر جو حضرت صاحب نے حکم تحریر کیا ہے۔اس قابل ہے کہ ناظرین … بھی اس سے مطلع کئے جائیں کیونکہ یہ اس امام برحق کے الفاظ ہیں جس کا ایک ایک لفظ ہمارے لئے جو اہرات سے بڑھ کر قیمت رکھتا ہے۔ایڈیٹر مکتوب السلام علیکم الہام خدا تعالیٰ کا فعل ہے۔بندہ کی الہام میں فضیلت نہیں بلکہ اعمال صالحہ میں فضیلت ہے اور اس میں کہ خدا تعالیٰ اس سے راضی ہو جائے سو نیک کاموں میں کوشش چاہئے تاکہ موجب نجات ہو۔٭ ٭ والسلام مرزا غلام احمد