مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 382 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 382

میں مدد دیتا ہے اور کسی نے انگریزی خط لکھنے کا ذمہ لیا ہے اورکوئی عربوں کے خطوط کا عربی میں جواب دیتاہے۔اور چند روز زندگی کو ہیچ سمجھ کر اللہ جلّ شانُـہٗ کی راہ میں فناہورہے ہیں۔اس جگہ رہ کر غریبوں کی طرح نان ونمک پر گزارہ کررہے ہیں۔میں دیکھتا ہوں کہ بعض انہیں میں بہت روتے ہیں بات بات میں ان کے آنسو جاری دیکھتا ہوں۔فاضل ہیں،عالم ہیں، ادیب ہیں، خاکسار ہیں لیکن افسوس کہ آپ کو بے بنیاد عمر کا فکر نہیں کیا اچھا ہوتا کہ محبت کے ساتھ دینی فکرمیں مشغول ہوتے اور مددگاروں میں شامل ہوجاتے اور مجھے راحت پہنچاتے اور اس کا اجر راحت دیکھتے۔مثلاً رسالہ نورالحق لاہور میں چھپ رہا ہے اور یہ کسی خود نمائی کی غرض سے نہیں بلکہ محض اُن پلید عیسائیوں کا منہ بند کرنے کے لئے ایک ہتھیار ہے جو قرآن شریف پر ٹھٹھااور اس پاک کلام کی فصاحت پر حملہ کررہے ہیں مگر میں قادیان میں ہوں اور لاہور میں چھپتا ہے لاہور میں کوئی آدمی ایسا نہیں کہ پروف کو بھی دیکھ سکے اور ِ للہ محنت کرے اور اس میں غور کرے اورکوئی غلطی ہو تو درست کرسکے آخر پروف میرے پاس آتا ہے اوربیمار طبع ہوں کوئی محنت کا کام مجھ سے نہیں ہو سکتا۔ادنیٰ توجہ سے دردِسر شروع ہو جاتاہے۔پھر غلطی رہنے کا احتمال ہوتا بعض ادیب دوست ہیں وہ بھی خدمات سے خالی نہیں اورہمیشہ پاس نہیں رہ سکتے۔ایک عرب صاحب محض خط لکھنے کے لئے مقرر ہیں وہ دوسرا کام نہیں کر سکتے ان باتوں کے خیال سے دل بہت دکھتا ہے مجھے اس کی کیاغرض کہ میں نفسانی دعویٰ کروں اور اگر کوئی اس عزت کولینے والا ہو۔یہ سب عزت اس کو دے دوں مگر دینی غم خوار کم ہیں۔اب نورالحق کے لئے پانچ ہزار روپے کا اشتہار شائع کرچکا ہوں اور چودہ سو اشتہار اردو میں شائع کر چکا ہوں جن میں سے ایک آپ کی خدمت میں بھیجتا ہوں اور اب چودہ سو انگریزی میں چھپ رہا ہے۔یہ تو میں نے اسلامی غیرت سے اپنی اس علیل طبیعت میں کیااور نہایت سرسری نگاہ سے صرف چند روز میں اس کو تمام کیا اور میرے دوست جانتے ہیں کہ علاوہ اس کے کہ سوسو شعر گھنٹہ میں تیار ہوئے پھر اگر ایسے اسباب کے ساتھ احتمال غلطی نہ ہو تو غلطی کے لئے اور کون سے اسباب ہوا کرتے ہیں۔بعض وقت لکھتا ہوں تو آنکھوں کے آگے اندھیرا اُتر جاتاہے اوریقین ہو جاتاہے کہ غشی آگئی مگر ایسا قائم مقام نہیں پاتا جو بکلّی مہیاّ کاموں کا متکفل ہو جائے۔اگرآپ محبت کی راہ سے یہ خدمت