مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 373 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 373

نشان مجھ کو دیئے گئے ہیں جو منجملہ ان کے تین ہزار کے قریب ابتک ظاہر ہو چکے ہیں اور مجھے حکم ہے کہ میں لوگوں پر ظاہر کروںکہ میں اس کی طرف سے مسیح ابن مریم علیہ السلام کے نمونہ پر رحمت کے نمونے دکھلانے کے لئے آیا ہوں جو شخص دل اور جان سے میر ا ساتھ کرے گا اس کا ایمان قوی کیا جائے گا اور گناہوں کی زنجیروں سے مخلصی پائے گا اور دنیا کی مشکلات اس پر آسان کی جائیں گی اور خدا تعالیٰ کا خاص فضل اس پر ہو گا۔میں ارادہ رکھتا تھا کہ ہندوستان کے امیروں اور نوابوں میں سے کسی کو اپنے اس حال سے اطلاع دوں تا اگر خدا تعالیٰ چاہے تو اس طبقہ کے بعض آدمی بھی میری جماعت میں داخل ہو ں لیکن میں دیکھتا تھا کہ اس ملک میں اکثر امراء اور نوابوں کی حالت اچھی نہیں۔اور کاروبار آخرت ان کی نظر میں حقیر ہو رہا ہے۔سو میں جانتا تھا کہ یہ لوگ حد سے گزر گئے ہیں لیکن آپ کے حالات جو مولوی سید محمد احسن صاحب نے مجھ کو سنائے ہیں ان سے اہلیت اور متانت اور ہمت اور دینداری کی بوُ آتی ہے۔اس لئے مجھ کو یہ خط لکھنا پڑا۔میں آپ کو خدا تعالیٰ کے الہام کے ذریعہ سے یاد دلاتاہوں کہ یہ زہرناک ہوا جو مسلمانوں کی ریاست و امارت پر چل رہی ہے اس مہلک ہوا سے وہی امیر بچے گاجودینداری اور تقویٰ شعاری اورخداترسی کا پیرایہ پہن لے گا اور فسق و فجور سے بچے گا اور دوسرے عنقریب سب تباہ ہو جاویں گے۔اور دینداری اور خداترسی کے سکھلانے کے لئے خدا تعالیٰ نے مجھے بھیجا ہے جو شخص میری طرف آئے گااس کو سچی دینداری اور تقویٰ دی جاوے گی اور اس کے حق میں خدا تعالیٰ میری دعائیں قبول کرے گا اور اس کے گناہ بخشے جاویں گے اور اس کی دنیا اس پر بحال رکھی جاوے گی۔سو یہ میری طرف سے تبلیغ ہے اور محض پیغام ہے جو میں نے آپ کو پہنچا دیا ہے اور بطور نمونہ ایک کتاب رسالہ’’ آسمانی فیصلہ‘‘ بھی اس کے ہمراہ بھیجتا ہوں اور اثر نصیحت خدا تعالیٰ کے سپرد کرتا ہوں۔۲۰؍مارچ ۱۸۹۲ء والسلام خاکسار احقر عباد اللہ مرزا غلام احمد قادیانی از مقام جالندھر غلہ منڈی مکان زین العابدین