مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 348 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 348

مکتوب بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَ نُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ محبی مخلصی اخویم میاں نور محمد صاحب سلّمہ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ میں نے آپ کے وہ تمام خط سنے جو آپ نے بدست ماموں شاہ صاحب بنام مولوی حکیم نور الدین صاحب بھیجے تھے۔حقیقت میں خدا تعالیٰ نے آپ کو بہت اخلاص اور محبت اور جوش عطا کیا ہے دعا کرتا ہوں کہ خدا تعالیٰ دن بدن اس میں ترقی بخشے اور اپنی مرضی کی راہوں میں کامل کرے۔آمین۔اور میری یہ حالت ہے کہ جس طرح ایک چرواہا اپنی بکریوں کو محبت اور ہمدردی سے چراتا ہے کہ اگر کوئی بکری لنگڑی ہو یا ابھی بچہ ہو تو رحم سے ایسا انتظام کرتا ہے کہ وہ ہم پایہ خاص ہو بلکہ بسا اوقات اپنے کاندھے پر اٹھا لیتا ہے۔اگردو بکریاں لڑیں تو کوشش کرتا ہے کہ لڑائی سے باز آجاویں سو ایسا ہی اپنی جماعت کے لئے میرا خیال ہے۔چاہئے کہ اچھے برُوں پر رحم کریں اور ان کے حق میں دعا کریں کہ وہ بھی نیک اور خاکسار ہو جاویں۔چاہئے کہ ایک بھائی اپنے دوسرے بھائی کا گناہ بخشے۔٭ والسلام ۷؍جنوری ۱۸۹۵ء مرزا غلام احمد ٭ الحکم نمبر۲۱ جلد ۷ مورخہ ۱۰؍جون ۱۹۰۳ء صفحہ ۲