مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 300 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 300

حضرت چوہدری مولا بخش صاحب بھٹیؓ حضرت چوہدری مولا بخش صاحب بھٹی رضی اللہ عنہ چونڈہ ضلع سیالکوٹ کے رہنے والے تھے۔۱۸۶۵ء میں پیدا ہوئے اور۲۸؍ستمبر ۱۹۰۰ء میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ہاتھ پر بیعت کر کے احمدیت کے ساتھ وابستہ ہوئے۔آپ ایک جاں نثار اور اخلاص سے پرُوجود تھے۔قبول احمدیت کے بعد اس کی تبلیغ و اشاعت میں کوشاں رہے۔حضرت اقدس علیہ السلام کے مشہور لیکچر ’’لیکچر سیالکوٹ‘‘ موسومہ بہ ’’اسلام‘‘ کو مفید عام پریس سیالکوٹ سے چھپوا کے افادہ عام کے لئے شائع کیا۔(روحانی خزائن جلد ۲۰ صفحہ۲۰۱ ٹائٹل پیج لیکچر سیالکوٹ) اسی طرح ایک کثیر رقم سے منارۃ المسیح کا کتبہ بنایا جو منارۃ المسیح پر نصب ہے۔آپ ان خوش نصیبوں میں شامل ہیں جن کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ساتھ تصویر بنانے کا موقع ملا۔آپ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے بے پناہ محبت تھی۔اسی محبت کے تعلق کی وجہ سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے آپ کو ایک گرم کوٹ تبرکا ًعنایت فرمایا۔۲؍نومبر ۱۹۱۶ء کو وفات پائی۔آپ کی اہلیہ حضرت رمضان بی بی صاحبہؓ (وفات ۲۵؍جنوری ۱۹۵۰ء)بھی صحابیہ تھیں اور ایک مخلص خاتون تھیں۔سلسلہ احمدیہ کے مخلص خادم محترم ڈاکٹر محمد شاہنواز صاحب ریٹائرڈ میجرو میڈیکل مشنری سیرالیون آپ ہی کے فرزند تھے۔٭ ٭ تلخیص از مقالہ ’’تاریخ تحصیل چونڈہ ضلع سیالکوٹ‘‘ مقالہ نگار مکرم خالد احمد ثاقب صاحب