مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 255
آپ کے خط پر حضرت اقدس ؑ نے اپنے دست مبارک سے چند کلمات لکھ کر عاجز کے پاس برائے تعمیل بھیجے ہیں۔وہ تحریر مبارک باصلہ ارسال خدمت کرتا ہوں تاکہ آپ کے واسطے موجب تشفیّ ہو۔دنیا کے ابتلاء مومن پر آتے ہیں۔مبارک ہے وہ جو ثابت قدمی کے ساتھ وفاداری میں قدم آگے بڑھائے۔آپ خدا سے دعا میں مصروف رہیں۔اپنے اندر بدیوں کو تلاش کر کے باہر پھینکیں۔انسان جب ایک گھر میں رہنے کا عادی ہوتا ہے۔اسے کوئی چیز برُی معلوم نہیں ہوتی۔لیکن جب جھاڑو لے کر صفائی پر کمربستہ ہوتا ہے تو بہت سی ناپاک چیزیں باہر نکال کر پھینکتا ہے۔گو تھوڑی دیر کے واسطے گردوغبار اس کو دکھ دیتے ہیں۔لیکن جب تک اندر کی صفائی نہ ہو۔معزز مہمان کے داخلے کے لائق کوئی گھر بن نہیں سکتا۔والسلام خادم محمد صادق عفی اللہ عنہ نوٹ : حضرت اقدس علیہ السلام کے الفاظ جن کی طرف اوپر اشارہ کیا گیا ہے، حسبِ ذیل ہیں۔مکتوب نمبر۵ السلام علیکم و رحمۃ اللہ تین روپے پہنچ گئے۔رسید سے اطلاع دیں اور نیز لکھ دیں کہ انشاء اللہ دعا کروں گا۔٭ مرزا غلام احمد عفی عنہ ٭ الحکم قادیان جلد۴۷ نمبر ۱۲، ۱۳ مورخہ۷ و ۱۴؍ اپریل ۱۹۴۳ء صفحہ ۳