مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 160
حضرت مولوی محمد شاہ صاحب تونسویؓ حضرت مولوی محمد شاہ صاحب تونسویؓ ولد مکرم محمود شاہ صاحب سکنہ بستی مندرانی تحصیل تونسہ ضلع ڈیرہ غازی خان کے رہنے والے تھے۔آپ ڈکھنہ قوم سے تعلق رکھتے تھے۔آپ کا اصل نام محمد اور بعد ازاں محمد شاہ کے نام سے شہرت پائی۔آپ جماعت کے معروف شاعر مکرم مولوی ظفر محمد صاحب ظفر کے رشتے میں ماموں تھے۔آپ تحصیل علم کے لئے راولپنڈی گئے اور وہیں ایک حکیم صاحب سے طبابت سیکھنے لگے۔حکیم صاحب احمدی تھے چنانچہ انہیں کی وساطت سے آپ ۱۹۰۱ء سے قبل قادیان دارالامان پہنچے تاکہ حضرت حکیم نور الدین صاحب سے فن طبابت سیکھ سکیں۔قادیان پہنچنے پر جہاں آپ نے حضرت حکیم الامت کی شاگردی اختیار کی۔وہیں آپ کو حضرت مسیح موعود ؑ کی بیعت کرنے کی بھی سعادت نصیب ہوئی۔آپ کے قیام و طعام کا بندوبست حضرت مولوی صاحب نے کیا اور آپ نے وہیں حضرت مولوی صاحب کے کتب خانہ میں رہائش اختیار کی۔ادھر اپنی بستی مندرانی کے لوگوں سے خطوط کے ذریعہ امام مہدی ؑکی سچائی بتلاتے رہتے تھے۔قادیان میں قیام کے کچھ عرصہ گزرنے پر آپ نے حضرت مسیح موعود ؑ سے اپنے گائوں جانے کی اجازت چاہی تو آپ ؑ نے ان کو دعا اور نصیحت کے ساتھ اجازت عطا کی۔گائوں میں آپ کی تبلیغی مساعی کے نتیجے میں ۱۵ افراد کو تحریری بیعت کی توفیق ملی جن میں سے آٹھ بزرگوں کو مختلف مواقع پر براہِ راست قادیان پہنچنے اور حضرت مسیح موعود ؑ کی دستی بیعت کرنے کا شرف نصیب ہوا۔اس طرح بستی مندرانی میں جماعت کے قیام کا سہرا