مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 144 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 144

مکتوب نمبر۱ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ بخدمت محترم محبیّ محمد الدین صاحب سلّمہُ اللہ تعالیٰ حضور امام ہمام مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام بعد السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ فرماتے ہیں کہ آپ کا عنایت نامہ صادر ہوا۔آپ کا نام مبائعین کی فہرست میں داخل کر لیا گیا ہے اور آپ کے لئے دُعا دینی و دنیاوی کی گئی ہے۔اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری اور اتباع رسول کریم علیہ الصلوٰۃ والسلام کرتے رہو اور دین کو دُنیا پر مقدم سمجھو اور جب موقعہ ملے تو ظاہری بیعت بھی ضروری ہے۔پہلے جو آپ کا خط آیا تھا۔اُس میں آپ کا پتہ کامل نہیں تھا۔اس لئے جواب میں توقف ہوا۔اللہ تعالیٰ آپ کو صراط مُستقیم عطا فرماوے۔والسلام ۶؍مئی ۱۸۹۵ء کتبہ سراج الحق نعمانی بحکم حضرت امام علیہ السلام از قادیان دارالامان مکتوب نمبر ۲ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّی عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ بخدمت محبیّ مخلصی محمد الدین صاحب پٹواری بلانی سلّمہُ اللہ تعالیٰ حضرت کامل فرماتے ہیں۔درود، استغفار، لاحول کا بہت ورد کیا کرو اور نماز میں اِہْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَ بار بار پڑھا کرو۔تہجد کا ورد ضروری ہے۔قرآن شریف معہ ترجمہ پڑھنا چاہئے۔تدبرّ اور تفکّر بھی چاہئے۔خدا تعالیٰ کوئی باعث پیدا کرے کہ ملاقات ہو اور دل سے عزم بھی کرنا چاہئے۔والسلام ۱۶؍نومبر ۱۸۹۶ء از قادیان تا بارد ابر کے خندد چمن تانہ گرید طفل کے جوشد لبن کتبہ سراج الحق نعمانی بحکم حضرت امام صادق علیہ السلام چار روز سے منشی جلال الدین صاحب قادیان میں ہیں اور ابھی قیام کریں گے۔